ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان میکسیکو کے ساتھ اپنے تجارتی اور کاروباری تعلقات کو بنیادی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گذشتہ چند سال سے پاکستانی چاول کی …

اسلام آباد ۔ 10 دسمبر (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان میکسیکو کے ساتھ اپنے تجارتی اور کاروباری تعلقات کو بنیادی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گذشتہ چند سال سے پاکستانی چاول کی درآمد پر میکسیکو میں پابندی عائد تھی تاہم حالیہ پارلیمانی وفد کے دورہ میکسیکو کے دوران پاکستانی چاول کی درآمد سے پابندی کے خاتمہ میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفد کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے اور دورہ کے دوران میکسیکو کے اراکین پارلیمان سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میکسیکو کا پارلیمانی وفد جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گا، دورہ کے موقع پر چاول کی درآمد پر عائد پابندی کے خاتمہ کے حوالہ سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کاروباری برادری میکسیکو میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، دونوں ممالک کے تجارتی رابطوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے عوام کے عوام سے رابطوں کے علاوہ سیاسی اور معاشی رابطوں کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید وسیع کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے میکسیکو کے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی پارلیمانی وفد کے دورہ کے دوران باہمی تعاون کے فروغ اور چاول کی درآمدات پر عائد پابندی کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ میکسیکو کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے ہمراہ سینیٹر محمد عثمان خان کاکڑ اور رکن قومی اسمبلی شزا فاطمہ بھی تھیں۔

مزید خبریں