ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ان کی رہائش گاہ پر ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان محمد کاشف اقبال، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان میر عبدالروف بلوچ نے ملاقات کی۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ڈی جی نادرا بلوچستان محمد کاشف اقبال، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان میر عبدالروف بلوچ کی ملاقاتیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ان کی رہائش گاہ پر ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان محمد کاشف اقبال، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان میر عبدالروف بلوچ نے ملاقات کی۔ سینٹ سیکر ٹریٹ کے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں نادرا سے متعلق عوامی مسائل، ادارے کی کارکردگی، جدید سہولیات کی فراہمی اور صوبے میں تعلیمی و سماجی ترقی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ نادرا ایک اہم قومی ادارہ ہے جو شہریوں کو شناختی دستاویزات کی بروقت فراہمی کے ذریعے ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں نادرا کی خدمات کو مزید بہتر اور مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے پسماندہ علاقوں اور خاص طور پر بلوچستان میں نادرا کے دفاتر میں جدید سہولیات اور ٹیکنالوجی متعارف کرانا انتہائی ضروری ہے تاکہ دور افتادہ علاقوں کے عوام کو بھی وہی سہولیات میسر آئیں جو ملک کے بڑے شہروں میں فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی پسماندہ علاقوں کے عوام کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ملاقات کے دوران ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد نے کوئٹہ میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ شہر میں امن و امان کے قیام، عوامی سہولیات کی بہتری اور مختلف سرکاری اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے ذریعے عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر انتظامی نظام بنیادی ستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور ہنر کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔اس موقع پر سیکرٹر ی لوکل گورنمنٹ بلوچستان میر عبدالروف بلوچ نے صوبے میں بلدیاتی نظام کو مزید فعال بنانے اور عوامی خدمات کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے بھر میں صفائی، پینے کے صاف پانی، سڑکوں کی بہتری اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ عوامی خدمت کے عمل کو مزید بہتر اور فعال بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کر رہا ہے۔
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں نادرا کی سہولیات کی فراہمی اور دفاتر کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی ترقی اور جدید ادارہ جاتی نظام کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔








