اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وطن عزیز کے عظیم سپوت، (نشانِ حیدر) میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں ایک ایسا روشن باب رقم کیا جو ہمیشہ یاد رکھا …
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا میجر عزیز بھٹی شہید (نشانِ حیدر) کی برسی کے موقع پر پیغام

مزید خبریں
اسلام آباد۔12ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے وطن عزیز کے عظیم سپوت، (نشانِ حیدر) میجر عزیز بھٹی شہیدؒ کی برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں ایک ایسا روشن باب رقم کیا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی جرات، استقامت اور شجاعت افواجِ پاکستان کی شان و وقار کی علامت ہے۔ انہوں نے جس بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا وہ نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ کا سنہری باب ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے۔
ان کا کردار ثابت کرتا ہے کہ وطن کے محافظ ہر حال میں ملک کی سرحدوں کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہیں۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کے شہداء کی لازوال قربانیاں قومی تاریخ کا وہ سرمایہ ہیں جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔ افواجِ پاکستان نے جس عزم و حوصلے کے ساتھ ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دی ہیں ان کی مثال دنیا میں نہیں ملتی، یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں پر بجا طور پر فخر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید سمیت تمام شہداء کی قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی اور یہ دن اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ان عظیم قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت، استحکام اور ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔








