ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاکستان کے مالیاتی شعبے میں شفافیت، موثر نظام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کے لیے سی ڈی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط مالیاتی ادارے ملک کی اقتصادی استحکام اور قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کی عشائیہ تقریب میں شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاکستان کے مالیاتی شعبے میں شفافیت، موثر نظام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے فروغ کے لیے سی ڈی سی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مضبوط مالیاتی ادارے ملک کی اقتصادی استحکام اور قومی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (سی ڈی سی) کی جانب سے منعقدہ عشائیہ تقریب میں کیا۔تقریب کی میزبانی چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز سی ڈی سی عقیل احمد ناصر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے کی۔ اس موقع پر اراکین پارلیمنٹ، اعلیٰ سرکاری حکام، کاروباری شخصیات، کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندگان، مالیاتی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق تقریب کے دوران شرکا نے پاکستان کی اقتصادی صورتحال، کیپٹل مارکیٹس کی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور پائیدار اقتصادی نمو کے لیے مالیاتی اداروں کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکا سے ملاقاتیں بھی کیں اور اس امر پر زور دیا کہ قومی معیشت کو مستحکم بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان موثر تعاون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔عشائیہ تقریب نے پالیسی سازوں، اراکین پارلیمنٹ، کارپوریٹ رہنمائوں اور مختلف شعبوں سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کو باہمی روابط مضبوط بنانے اور قومی اقتصادی اہمیت کے حامل امور پر تعمیری مکالمے کا موثر موقع فراہم کیا۔








