ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی دورہ کوئٹہ کے دوران اہم سماجی و سیاسی مصروفیات میں شرکت

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ کے دورے کے دوران اہم سماجی و سیاسی مصروفیات میں شرکت کی جہاں انہوں نے مقامی سیاسی قیادت کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خوشی اور غم کے مواقع پر یکجہتی کا اظہار کیا۔

اسلام آباد/ کوئٹہ۔30مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کوئٹہ کے دورے کے دوران اہم سماجی و سیاسی مصروفیات میں شرکت کی جہاں انہوں نے مقامی سیاسی قیادت کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خوشی اور غم کے مواقع پر یکجہتی کا اظہار کیا۔اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے رکن صوبائی اسمبلی حاجی فضل قادر کے صاحبزادے کی شادی کی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے دولہا اور ان کے اہلخانہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے لئے خوشیوں بھری زندگی کی دعا کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے حاجی فضل قادر کو بھی اس خوشی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات معاشرتی ہم آہنگی اور باہمی تعلقات کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں۔ شادی کی اس پُر وقار تقریب میں سینیٹر عبدالواسع، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گلیلو، حاجی محمد خان لہڑی اور دیگر معزز پارلیمنٹیرینز و ممتاز شخصیات بھی شریک ہوئیں۔علاوہ ازیں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ تشریف لے گئے ۔

یاد رہے کہ جمال شاہ کاکڑ کو حالیہ دنوں فالج کا عارضہ لاحق ہوا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے جمال شاہ کاکڑ کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد و مکمل صحت یابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کے درمیان باہمی رابطہ، خیرسگالی اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہونا جمہوری روایات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔