ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات، مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سےلاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص بلوچستان کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

لاہور۔12اپریل (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین سےلاہور میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال بالخصوص بلوچستان کی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین بھی ملاقات میں موجود تھے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے ہر دور میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لئے اہم ترین کردار ادا کیا ہے ،ان جیسے مدبر سیاستدان تمام عوامی نمائندوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے پنجاب میں صنعت و تجارت کی ترقی کے لیے چوہدری شافع حسین کی کارکردگی کو بھی سراہا۔چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کی بہتری کیلئے تمام مکتبہ فکر کے لوگ مل کر کام کریں اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں امن وامان کی بہتری کیلئے بلوچستان کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق عمل کیا جائے، ترقیاتی منصوبے بھی وہاں کی عوام کی خواہشات کے مطابق آگے بڑھائے جائیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے بلوچستان میں قیام امن اور عالمی امن کیلئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پرچوہدری شجاعت حسین نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی کتاب پیش کی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پنجاب میں سرمایہ کاری فروغ اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سہولیات کی فراہمی سے تیزی سے نئے کارخانے لگ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ اڑھائی سالوں میں پنجاب میں اربوں روپے کی نئی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔