ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن پروفیسر احسن اقبال کی زیرصدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس، متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے اپنے حالیہ اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس کی صدارت پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر احسن اقبال نے کی جس میں منصوبوں کی تکنیکی، مالی اور سماجی اہمیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔تعلیم کے فروغ اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے سی …

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے اپنے حالیہ اجلاس میں مختلف شعبوں سے متعلق کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ اجلاس کی صدارت پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر احسن اقبال نے کی جس میں منصوبوں کی تکنیکی، مالی اور سماجی اہمیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔تعلیم کے فروغ اور پسماندہ علاقوں میں معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی نے ”چترال میں دانش سکول کے قیام“ کے منصوبے کی منظوری دے دی۔اس منصوبے کی لاگت 3,319.729 ملین روپے ہے اور اس کا مقصد خیبر پختونخوا کے دور دراز خطے میں مستحق طلبہ کو جدید تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے۔

منصوبہ علاقے میں شرح تعلیم میں بہتری اور نوجوانوں کی استعداد میں اضافے کا باعث بنے گا۔وفاقی سرکاری اداروں کی پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور پروگرام مینجمنٹ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ”وفاقی حکومتی اداروں کی استعداد کار میں اضافہ (امبریلا پروگرام)“ کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔اس منصوبے کی مالیت 5,431.500 ملین روپے ہے جس کے تحت سرکاری اداروں کو عالمی معیار کے مطابق پالیسی و پروگرام تیار کرنے اور موثر انداز میں عملدرآمد کرنے کی تربیت فراہم کی جائے گی۔

یہ اقدام حکومتی کارکردگی میں بہتری اور شفافیت کو فروغ دے گا۔عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے سی ڈی ڈبلیو پی نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں نظرثانی شدہ منصوبہ ”سٹروک انٹروینشن اور کریٹیکل کیئر/کارڈیک سہولیات کی توسیع“ کی منظوری دی۔اس منصوبے پر 7,220.956 ملین روپے لاگت آئے گی اور اس کے تحت جدید سٹروک ٹریٹمنٹ یونٹ، کارڈیک کیئر یونٹ اور انتہائی نگہداشت کی سہولیات میں توسیع شامل ہے۔

یہ منصوبہ اسلام آباد اور پورے ملک کے مریضوں کے لیے جدید طبی خدمات کی فراہمی میں ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔شہری ترقی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے سی ڈی ڈبلیو پی نے نظرثانی شدہ منصوبہ ”پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انویسٹمنٹ پروگرام کے لیے پروجیکٹ ریڈی نیس فنانسنگ (پی آر ایف)“ کی منظوری دے دی۔

اس منصوبے کی مجموعی لاگت 4,836.717 ملین روپے ہے جس کے ذریعے پنجاب کے مختلف شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تیاری، مالیاتی نظم و نسق اور سروس ڈلیوری میں بہتری لائی جائے گی۔ملک میں توانائی کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے ایک بڑا نظرثانی شدہ منصوبہ ”خیبر I, II & III اور نگر خاص I & II ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی بحالی، چلت کے لیے E&M آلات، انرجی ایفیشنسی اور جینڈر کمپوننٹ (ڈویلپمنٹ آف ہائیڈرو پاور اینڈ رینیوایبل انرجی III – KfW گرانٹ پروگرام)“ بھی منظور کر لیا گیا۔

یہ منصوبہ 5,274.510 ملین روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔ اس کے تحت موجودہ ہائیڈرو پاور سٹیشنز کی استعداد میں اضافہ، آلات کی اپ گریڈیشن اور توانائی کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ منصوبہ نہ صرف قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں اضافہ کرے گا بلکہ ماحول دوست توانائی کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے منظور کیے گئے ان منصوبوں سے ملک میں تعلیم، صحت، توانائی، شہری ترقی اور حکومتی اداروں کی اہلیت میں نمایاں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور عوام تک بہتر خدمات کی فراہمی کے لیے نہایت اہم ہیں۔