اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ سال ناجائز منافع خوروں کو ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا ہے ۔آئندہ 10روز اگر کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہ آیا تو وفاقی دارالحکومت محفوظ تصور ہو گا۔ 140غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں …
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ سال ناجائز منافع خوروں کو ایک کروڑ روپے جرمانہ کیا ہے ۔آئندہ 10روز اگر کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس سامنے نہ آیا تو وفاقی دارالحکومت محفوظ تصور ہو گا۔ 140غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کے خلاف کاروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں بدھ کو قومی خبر رساں ادارہ ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ حمزہ شفقات نے کہا کہ کرونا وائر س خطرے کے پیش نظر حکومت نے وزارت صحت سمیت تمام شراکت داروں کو کردار ادا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ماسک کی دستیابی کے لئے دفعہ 144نافذ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں ایک لاکھ ماسک موجود تھے جو کہ تمام سکولوں اور ہسپتالوں نے حاصل کر لئے تھے ۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ کرونا وائر س کا شکار شخص ہی صرف ماسک استعمال کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرونا وائر س سے بچاو کے لئے ایڈوائزری جاری کر دی ہے جس پر عمل کرتے ہوئے اس سے بچا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بھی ذیادہ خطرناک بیماریاں موجود ہیں حکومت کو چاہئے کہ عالمی ادارہ صحت کے طرز پر انٹیلی جنس سروس کا قیام عمل میں لایا جائے جو کہ مختلف وائرس کا سراغ لگا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ کرونا وائرس سے بچاو کے لئے ضلعی انتظامیہ نے کوئیک رسپانس فورس قائم کی ہے جو کہ مختلف اوقات میں ٹیسٹ کرتی ہے ۔ حمزہ شفقات نے بتایا کہ اسلام آباد میں صرف ایک کروناوائرس کا مریض ہے جس کا تعلق سکردو سے ہے وہ بھی ایران کا سفر کر کے واپس آیا تھا ۔ ڈی سی حمزہ شفقات نے کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹی صرف چند اشیاءضروریہ جن میں آٹا گھی ،دالیں سبزیاں اور چینی دیگر اشیاءخوردونوش شامل ہے اس کی قیمت کا تعین کرتی ہے جبکہ عوام پٹرول ،کپٹروں اورجوتوں کے مہنگے ہونے کی شکایات کرتی ہے جو کہ ہمارے دائرہ اختیارمیں نہیں ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سال 2019کے دوران ضلعی انتظامیہ نے ناجائز منافع خوروں کو ایک کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا تھا جو گزشتہ کئی سالوں سے بہت زیادہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی شکایت کے لئے پورٹل سروس اور واٹس ایب نمبر جاری کردیا ہے جس پر عوام اپنی شکایت درج کر ا سکتے ہیں ۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے دوست دام ایپ لانچ کر دی ہے جس کے ذریعے ہم لوگوں کو گھروں تک کم نرخوں میں سبزیاں فراہم کر رہے ہیں اور اب تک دو کروڑ روپے کے آرڈرز دے چکے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں ڈی سی حمزہ شفقات نے بتایا کہ عورت مارچ کے حوالے سے گھمبیر صورتحال ہے میری علماءحضرات اور لبرل لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام لیں ۔انہوں نے کہا کہ لال مسجد کا معاملہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت آئین اور قانون کے دائرہ میں رہتے ہوئے حل کر لیا جائے گا ۔ ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ ہرسال ایک لاکھ لوگ اسلام آباد میں آباد ہو رہے ہیں وفاقی دارالحکومت کی سٹرکوں کی بہتری کے لئے میونسپل کارپوریشن کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 140غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز قائم ہو چکی ہیں گزشتہ ہفتے ضلعی انتظامیہ نے ان کی لسٹ جاری کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے 2سو غیر قانونی عمارتیں سیل کر دی ہیں اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کو اشتہار جاری نہ کرنے کے لئے دفعہ 144نافذ کیا ہوا ہے۔ حمزہ شفقات نے کہا کہ اس ضمن میں عوامی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔







