ڈپٹی کمشنر نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا

ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عزیز اللہ جان نے واٹر مینجمنٹ آفس میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے سرفس رن آف رین واٹر ہاروسٹنگ سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کے مقاصد،افادیت اور متوقع فوائد پر بریفنگ دی

اپر کوہستان۔ 25 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عزیز اللہ جان نے واٹر مینجمنٹ آفس میں بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے منصوبے سرفس رن آف رین واٹر ہاروسٹنگ سسٹم کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے منصوبے کے مقاصد،افادیت اور متوقع فوائد پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچا کر محفوظ کرنا،زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانا اور مستقبل کی آبی ضروریات کے لیے پانی کے وسائل کا پائیدار انتظام یقینی بنانا ہے،منصوبے سے تیز سطحی بہاؤ کے باعث پانی کے ضیاع،زمین کے کٹاؤ اور دیگر نقصانات میں بھی کمی لانے میں مدد ملے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو منصوبے میں اعلیٰ معیار،شفافیت،ماحولیاتی تقاضوں کی پاسداری اور مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش کے پانی کا بہتر انتظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی قدرت کا قیمتی عطیہ اور آئندہ نسلوں کی امانت ہے جس کے تحفظ اور دانشمندانہ استعمال کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں،ضلعی انتظامیہ پائیدار ترقی،ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے موثر استعمال کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

 

مزید خبریں