ڈیجیٹل پاکستان ،8 لاکھ نوجوانوں کی وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب میں شمولیت

ڈیجیٹل پاکستان ،8 لاکھ نوجوانوں کی وزیراعظم ڈیجیٹل یوتھ ہب میں شمولیت

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت قائم کردہ پاکستان کا پہلا قومی ڈیجیٹل یوتھ پلیٹ فارم، ڈیجیٹل یوتھ ہب (ڈی وائی ایچ) 8 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ یوزرز کے ساتھ ایک بڑا سنگ میل عبور کر چکا ہے جو نوجوانوں کی ڈیجیٹل بااختیاری میں ایک اہم پیش رفت ہے۔منگل کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق ڈیجیٹل یوتھ ہب ایک ’’ون۔سٹاپ پلیٹ فارم‘‘ کے طور پر کام کرتا ہے جو نوجوانوں کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فور ایز (4Es) یعنی تعلیم، روزگار، شمولیت اور ماحولیات سے متعلق مواقع سے جوڑتا ہے۔

یہ پلیٹ فارم آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کی مدد سے نوجوانوں کو نوکریوں، سکالرشپس، ہنر کی تربیت، رضاکارانہ مواقع اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق سرگرمیوں تک ذاتی نوعیت کی رسائی فراہم کرتا ہے۔اب تک ڈیجیٹل یوتھ ہب پر 8 لاکھ 240 سے زائد نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں جبکہ 3 ہزار 163 ادارے اس پلیٹ فارم کے ساتھ منسلک ہیں۔ ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے 1 لاکھ 14 ہزار 783 سے زائد مواقع دستیاب ہیں جن میں 1 لاکھ 14 ہزار 374 روزگار کے مواقع، 292 تعلیمی مواقع، 38 سماجی شمولیت کے مواقع اور 79 ماحولیات سے متعلق مواقع شامل ہیں۔

ڈیجیٹل یوتھ ہب وزیراعظم یوتھ پروگرام کے مختلف فلیگ شپ منصوبوں تک رسائی کا بھی مرکزی ذریعہ ہے، جن میں وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم، وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام، وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم، پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (پی ای ای ایف)، گرین یوتھ موومنٹ اور وزیراعظم یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ اینڈ سپورٹس لیگ سمیت دیگر اہم اقدامات شامل ہیں۔

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستانی نوجوانوں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی وائی ایچ پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب صرف ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم نہیں بلکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، ان کے لیے مساوی مواقع پیدا کرنے اور انہیں ملکی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کی ایک قومی تحریک ہے۔

انہوں نے سرکاری و نجی اداروں، تعلیمی تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں اور بین الاقوامی اداروں کو دعوت دی کہ وہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کا حصہ بنیں اور پاکستانی نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتوں اور مواقع سے جوڑنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈیجیٹل یوتھ ہب تک رسائی وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ویب سائٹ www.pmyp.gov.pk پر دستیاب ہے اور Android اور iOS دونوں کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے۔