ڈی پی او صوابی نے ایک کروڑ روپے مالیت کے مکان کا قبضہ واپس دلوا دیا گیا

ڈی پی او صوابی کے فوری ایکشن کے نتیجے میں سودی رقم کے تنازعے پر بزرگ شہری کو ریلیف دے کر 1 کروڑ روپے مالیت کے مکان کا قبضہ واپس دلوا دیا گیا۔تر جمان صوابی پولیس کے مطابق سودی رقم کے تنازعے پر ایک بزرگ شہری کی ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کے دفتر آمد اور فریاد پر فوری نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس نے دونوں فریقین کے مابین …

پشاور۔ 03 نومبر (اے پی پی):ڈی پی او صوابی کے فوری ایکشن کے نتیجے میں سودی رقم کے تنازعے پر بزرگ شہری کو ریلیف دے کر 1 کروڑ روپے مالیت کے مکان کا قبضہ واپس دلوا دیا گیا۔تر جمان صوابی پولیس کے مطابق سودی رقم کے تنازعے پر ایک بزرگ شہری کی ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کے دفتر آمد اور فریاد پر فوری نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس نے دونوں فریقین کے مابین تنازعہ خوش اسلوبی سے حل کروا دیا، جبکہ بزرگ شہری کو اس کے مکان کا قبضہ بھی واپس دلا دیا گیا۔

گزشتہ روز بزرگ شہری مسمی سرتاج علی ولد شیر زمان خان ساکن کالوخان نے ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کو درخواست دی کہ انہوں نے مسمی امیر محمد ولد ظلم خان ساکن ترکئی سے 7 لاکھ 50 ہزار روپے قرض حسنہ لیا تھا، جس کی واپسی کے لیے وہ تیار ہیں، تاہم ان کے بقول مذکورہ شخص اصل رقم کے بجائے 20 لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ مزید یہ کہ مبینہ طور پر ایک کروڑ روپے مالیت کے مکان پر قبضہ کرکے انہیں گھر سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے درخواست پر فوری نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس کو اصل حقائق معلوم کرنے اور قانون کے مطابق مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

جس پر ڈی ایس پی سرکل رزڑ شکیل خان اور ایس ایچ او تھانہ کالوخان ہارون خان کی قیادت میں ایڈیشنل ایس ایچ او واجد علی نے دونوں فریقین کو تھانے طلب کرکے معاملے میں اہم کردار ادا کیا۔پولیس کی کوششوں سے امیر محمد نے اپنے کیے پر پشیمانی کا اظہار کرتے ہوئے مکان کا قبضہ واپس کر دیا، جبکہ رقم کے تنازعے کا بھی باہمی رضامندی سے مناسب حل نکال لیا گیا۔ دونوں فریقین نے فیصلے پر اتفاق کیا اور مذکورہ شخص نے آئندہ ایسے کاروبار سے توبہ کرنے کا اظہار بھی کیا۔

ڈی پی او صوابی وقاص رفیق کا کہنا ہے کہ مظلوم اور بے سہارا شہریوں کی داد رسی، ان کے حقوق کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی ضلعی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے یا کسی شہری کے حقوق سلب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔