ڈی پی او کوہاٹ کی زیرصدارت آمدہ محرم الحرام انتظامات حوالے سےاجلاس

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شہباز الٰہی کی زیر صدارت آمدہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد، بین المسالک ہم آہنگی اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شہباز الٰہی کی زیر صدارت آمدہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد، بین المسالک ہم آہنگی اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق اجلاس میں اہلِ تشیع کے منتظمین، عمائدین اور مشران نے شرکت کی۔اجلاس میں ریٹائرڈ چیف جسٹس ابن علی، ایس پی سٹی افتخار خان، ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے دوران امن و امان کی صورتحال، سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور باہمی رابطوں کے نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی پی او شہباز الٰہی نے شرکاء کو یقین دلایا کہ کوہاٹ پولیس محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں مذہبی رواداری، بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پولیس اور عوام کے درمیان مؤثر تعاون کے ذریعے ہر قسم کے شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنائے جائیں گے اور کسی بھی شخص کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس موقع پر اہل تشیع کے مشران اور منتظمین نے محرم الحرام کے دوران مکمل تعاون کی یقین دہانی پرپولیس کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر کے افراد باہمی احترام اور تعاون کے ذریعے کوہاٹ میں امن کی فضا برقرار رکھنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔اجلاس کے اختتام پر محرم الحرام کے دوران رابطوں کو مزید مؤثر بنانے، سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے اور ضلعی انتظامیہ و پولیس کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

مزید خبریں