خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیر صدارت قانون ساز کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بذریعہ زوم شرکت کی
صوبائی وزیر آفتاب عالم کی زیر صدارت قانون ساز کمیٹی کا اجلاس،مجوزہ خیبر پختونخوا ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس فورس بل 2026 پر غور

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے وزیر قانون، انسانی حقوق و پارلیمانی امور آفتاب عالم کی زیر صدارت قانون ساز کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز پشاور میں منعقد ہوا جس میں مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بذریعہ زوم شرکت کی۔
اجلاس میں مجوزہ خیبر پختونخوا ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس فورس بل 2026 پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا شاہ فیصل اتمان خیل، سیکرٹری محکمہ قانون اختر سعید ترک، محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول، محکمہ خزانہ، محکمہ قانون، بورڈ آف ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے حکام نے مجوزہ بل کے مختلف پہلوؤں پر جامع پریزنٹیشن دیتے ہوئے اسے محکمانہ کارکردگی اور ادارہ جاتی استعداد کار میں بہتری کے لیے ایک مؤثر قانونی ذریعہ قرار دیا۔اجلاس کے دوران مشیر خزانہ مزمل اسلم نے تجویز پیش کی کہ مجوزہ بل کو صرف نارکوٹکس ونگ تک محدود رکھا جائے تاکہ اس کے دائرہ کار اور مقاصد کو مزید واضح اور مؤثر بنایا جا سکے۔کمیٹی کے چیئرمین اور وزیر قانون آفتاب عالم نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ مجوزہ بل کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے اور اسے نارکوٹکس ونگ تک محدود کرتے ہوئے ضروری قانونی و انتظامی ورکنگ مکمل کرکے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔وزیر قانون آفتاب عالم نے اس موقع پر کہا کہ قانون سازی کے عمل میں تمام متعلقہ اداروں کی آراء اور تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے قوانین مرتب کیے جائیں گے جو مؤثر، قابلِ عمل اور عوامی مفاد کے مطابق ہوں۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ مجوزہ بل پر مزید مشاورت اور تکنیکی جائزے کے بعد اس کا نظرثانی شدہ مسودہ آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا







