وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سمندری وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سمندروں کے تحفظ کے بغیر پائیدار ترقی، ماحولیاتی توازن اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کا تصور ممکن نہیں ۔
سمندری وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 08 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سمندری وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سمندروں کے تحفظ کے بغیر پائیدار ترقی، ماحولیاتی توازن اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کا تصور ممکن نہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمندروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان تقریباً 770 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی کا حامل صوبہ ہے جو نہ صرف پاکستان کی جغرافیائی اہمیت میں اضافہ کرتی ہے بلکہ ملکی معیشت، بین الاقوامی تجارت اور سمندری سرگرمیوں کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقے بلیو اکانومی، ماہی گیری، ساحلی سیاحت اور سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرتے ہیں جن سے مؤثر انداز میں استفادہ کر کے معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح ہمارے سمندر بھی ماحولیاتی آلودگی، پلاسٹک ویسٹ، غیر قانونی شکار اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتوں، اداروں، مقامی آبادیوں اور شہریوں کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ سمندری حیات اور قدرتی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ساحلی ماحول کے تحفظ، سمندری آلودگی کے تدارک، ماہی گیر برادری کی فلاح و بہبود اور ساحلی علاقوں کی پائیدار ترقی کے لیے مختلف عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ساحلی پٹی کے قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کو ترقی کے ثمرات پہنچانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سمندروں کا تحفظ درحقیقت انسانی مستقبل، غذائی تحفظ، معاشی استحکام اور آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ ماحول کے تحفظ کے مترادف ہے۔ انہوں نے عوام، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ سمندری وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان ساحلی علاقوں کی ترقی، سمندری وسائل کے پائیدار استعمال اور ماحول دوست پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ بلوچستان کے ساحلی وسائل کو قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا سکے۔







