گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو خراج تحسین

مزید خبریں
پشاور۔ 08 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
گورنر ہائوس تر جمان کے مطابق اپنے بیان میں گورنر خیبرپختونخوا نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جانب سے 27 دہشت گردوں کے خاتمے پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اور بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف یہ کامیاب کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں میران شاہ کے ممتاز قبائلی رہنما شہید ملک سیف اللہ داوڑ کے قاتلوں کو بھی انجام تک پہنچانا انصاف کی فراہمی اور دہشت گردی کے متاثرین خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے مترادف ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا خصوصاً ضم شدہ اضلاع کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ریاست دشمن عناصر کو دوبارہ امن و استحکام خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے یکجا ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت کے وژن اور قومی ایکشن پلان کے تحت جاری "عزمِ استحکام” مہم کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جائے گا اور خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔







