ڈی پی او ہری پور کی زیر صدارت امام بارگاہوں کے متولیان، جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کا اجلاس

 ہری پور۔ 22 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او ) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپورکی زیر صدارت تھانہ صدر میں محرم الحرام کے حوالہ سے امام بارگاہوں کے متولیان، جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کا اجلاس منعقد ہوا۔ پیر کو منعقدہ اجلاس میں سکیورٹی انتظامات، جلوسوں کے روٹس، اوقات کار اور ضابطہ اخلاق سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او ہری پور نے …

 ہری پور۔ 22 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او ) ہری پور شفیع اللہ گنڈاپورکی زیر صدارت تھانہ صدر میں محرم الحرام کے حوالہ سے امام بارگاہوں کے متولیان، جلوسوں اور مجالس کے منتظمین کا اجلاس منعقد ہوا۔

پیر کو منعقدہ اجلاس میں سکیورٹی انتظامات، جلوسوں کے روٹس، اوقات کار اور ضابطہ اخلاق سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او ہری پور نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور عزاداروں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں جبکہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی اقدامات کی براہ راست نگرانی کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد کو قانون اور ضابطہ اخلاق کی حدود سے تجاوز کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام مکاتبِ فکر کے افراد سے اپیل کی گئی کہ وہ باہمی احترام، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیتے ہوئے اپنی اپنی عبادات پرامن ماحول میں ادا کریں۔ڈی پی او نے منتظمین پر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق اور سکیورٹی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور پولیس کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔امام بارگاہوں کے متولیان اور جلوسوں و مجالس کے منتظمین نے پولیس کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔