اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی نے پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی اور بین الاقوامی کامیابی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کووزارت خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس …
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کی بین الاقوامی کامیابی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کیلئے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی نے پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی اور بین الاقوامی کامیابی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کووزارت خزانہ میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد لغاری، وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے شرکت کی جبکہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور سینئر حکام بھی موجود تھے۔
اجلاس کے آغاز میں کمیٹی نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور سابق گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر شمشاد اختر کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ مرحومہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے ملک کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی خدمات محض نگراں وزیر کے کردار تک محدود نہیں ، بعد ازاں نافذ کیے جانے والے کئی اہم ادارہ جاتی اور ٹیکس پالیسی اصلاحات کا تصور ان کے دور کار میں پیش کیا گیا تھا اور یہ بھی کہا کہ ان کی قیادت اور وژن آئندہ بھی اقتصادی حکمرانی پر مثبت اثرات مرتب کرتے رہیں گے۔
کمیٹی نے سوگوار خاندان اور رفقاء سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اجلاس میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے پاکستان انڈر 19 مینز کرکٹ ٹیم کو ان کی شاندار کارکردگی اور بین الاقوامی کامیابی کے اعتراف میں انعامی رقم کی ادائیگی کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق سمری کی منظوری دیدی گئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ اس طرح کی حوصلہ افزائی نہ صرف کھیلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا اعتراف ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنے والے نوجوان ٹیلنٹ کے لیے باعث ترغیب بھی ہے۔
اجلاس میں دفاع ڈویژن کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق سمری کی بھی منظوری دیدی گئی۔اجلاس کوبتایاگیا کہ یہ فیصلہ موجود آپریشنل ضروریات اور سکیورٹی سے متعلق تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔








