کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، ایف بی آر کی تجویز پر18 ملکی قوانین اور ان سے جڑے 25 قانونی مراحل کو آسان بنانے کی منظوری

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے ایف بی آر کی تجویز پر ایف بی آر ریفنڈ سیٹلمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تحت جاری کردہ 30 ارب روپے کے بانڈز کے عوض اتنی ہی رقم کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی ادائیگی اور چیکوں کی صورت میں سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا کرنے سمیت ملک میں تیل کی تلاش اور پیداواربڑھانے کے …

اسلام آباد ۔ 27 نومبر (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی ) نے ایف بی آر کی تجویز پر ایف بی آر ریفنڈ سیٹلمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے تحت جاری کردہ 30 ارب روپے کے بانڈز کے عوض اتنی ہی رقم کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی ادائیگی اور چیکوں کی صورت میں سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا کرنے سمیت ملک میں تیل کی تلاش اور پیداواربڑھانے کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے،کاروباری سہولتوں کو بہتر بنانے، دیگر ضمنی امور سے متعلق 18 ملکی قوانین اور ان سے جڑے لگ بھگ 25 قانونی مراحل کو آسان اور سادہ بنانے کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزرات توانائی(پٹرولیم ڈویژ ن) کی تجویز پر ملک میں تیل کی تلاش اور پیداواربڑھانے کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے، کاروباری سہولتوں کو بہتر بنانے ،توسیع، تجدید، منسوخی اور دیگر ضمنی امور سے متعلق 18 ملکی قوانین اور ان سے جڑے لگ بھگ 25 قانونی مراحل کو آسان اور سادہ بنانے کے لیے انرجی ٹاسک فورس اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تجویز کردہ ترمیمات اور ان ترمیمات کو متعلقہ قوانین میں ضم کرنے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے ایف بی آر کی تجویز پر ‘ایف بی آر ریفنڈ سیٹلمنٹ کمپنی لمیٹڈ’ کے تحت جاری کردہ 30 ارب روپے کے بانڈز کے عوض اتنی ہی رقم کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی ادائیگی اور چیکوں کی صورت میں سیلز ٹیکس ریفنڈز ادا کرنے کی منظوری بھی دی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کی تجویز پر ٹیلی فون انڈسٹری آف پاکستان کی بحالی کے لیے کمپنی کے ذمہ 2.10 ارب روپے قرض اور1.03 ارب روپے سود کی ادائیگی کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے نیشنل بنک آف پاکستان کودی گئی ضمانت میں مزید دو سال کی تو سیع کی تجویز پر غور و خوض اور متباد ل تجاویز کے لیے وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے جو دو ہفتوں کے اندر ای سی سی کو اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ ای سی سی نے نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن کو 8 فیصد کم سے کم انکم ٹیکس کی ادائیگی سے مستثنیٰ کرنے کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات کی تجویز پر اقتصادی امور کے وزیر حماد اظہر، وزیر آئی ٹی مقبول احمد صدیقی، چئیرمین سرمایہ کاری بورڈاورایف بی آر کے نمائندے پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو اس تجویز پر غور و خوض کے بعدای سی سی کو موزوں سفارشات پیش کرے گی۔ ای سی سی نے کامرس ڈویژن کی تجویز پر زیرو ریٹڈ ایکسپورٹ سیکٹر کو ایکسپورٹ اوریئنٹڈ سیکٹرز جس میں کپڑا، قالین بافی،چمڑا،کھیلوں کا سامان اور آلات جراحی شامل ہیں،کا نام دینے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے وزارت توانائی(پاور ڈویژن) کی تجویز پر تھل نووا پاور تھر لمیٹڈ اور تھر انرجی لمیٹڈ منصوبوں کے نفاذ کے لیے کیے گئے باہمی معاہدہ جات میں حکومت کی جانب سے ان دونوں منصوبوں کو 400 دنوں کے اندر ختم کرنے کے استحقاق کی مدت کو بڑھا کر490 دن کرنے کے ای سی سی کے فیصلہ کی تکمیل کے لیے متعلقہ معاہدہ جات میں مجوزہ شق شامل کرنے کی منظوری بھی دیدی ہے ۔