کاروباری برادری تمام تر چیلنجز کے باوجود ملکی اقتصادی ترقی کے لئے پر عزم ہے، سردار طاہر محمود

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) ملک میں کاروبار کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کرنے کی روایت پر بھرپور طریقے سے کاربند ہے، اسی سلسلے میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے چیئرمین چوہدری عبدالمجید کے اعزاز میں آئی سی سی آئی اور نجی مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپرز کی …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) ملک میں کاروبار کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں تقریبات منعقد کرنے کی روایت پر بھرپور طریقے سے کاربند ہے، اسی سلسلے میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے چیئرمین چوہدری عبدالمجید کے اعزاز میں آئی سی سی آئی اور نجی مارکیٹنگ اینڈ ڈویلپرز کی جانب سے ایک تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے عام آدمی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں ہاؤسنگ سیکٹر کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ معیار زندگی کو بہتر بنانے، سماجی استحکام کو فروغ دینے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لئے معیاری اور سستی رہائش تک رسائی ضروری ہے۔انہوں نے ہاؤسنگ ڈویلپمنٹ اور جدید رہائشی سہولتوں کی فراہمی میں نجی ہائوسنگ سوسائٹی کی خدمات کا اعتراف کیا اور سراہا۔اس موقع پر چوہدری عبدالمجید نے آئی سی سی آئی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کاروبار دوستانہ ماحول کو فروغ دینے کے لئے چیمبر کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عوامی ضروریات کے مطابق ہاؤسنگ سیکٹر میں اپنا مشن جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ہاؤسنگ سیکٹر کی منظم ترقی کو یقینی بنانے کے لئے چیمبر، ڈویلپرز اور متعلقہ حکام کے درمیان مسلسل رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے اور ہم نے مئی 2026 میں میدان جنگ میں بھارت کے خلاف فتح حاصل کی اور اب اتحاد اور ثابت قدمی سے معاشی میدان میں کامیابیاں حاصل کرنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود وہ اور ان کا گروپ سستے اور جدید گھروں کی فراہمی کے اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے اور حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ ملک کے بہترین معاشی مفاد میں تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرے۔چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید تاجر برادری کے لیجنڈ اور رول ماڈل ہیں جو انتہائی عزت و تکریم کے مستحق ہیں اور پوری تاجر برادری ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے معروف کاروباری شخصیات کو مناسب احترام اور پہچان کی اہمیت کے بارے میں بتایا اور نوجوان کاروباریوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے لیے تعلیمی نصاب میں ان کی کامیابی کی کہانیاں شامل کرنے کی اہمیت پر بات کی۔سابق صدر خالد اقبال ملک نے کہا کہ چوہدری عبدالمجید عظیم انسان ہیں جو ہمیشہ دوسروں کی مدد کے لئے تیار رہتے ہیں۔تقریب میں مختلف کاروباری شعبوں بالخصوص ہاؤسنگ اور رئیل اسٹیٹ کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نمایاں شرکاء میں سینئر نائب صدر طاہر ایوب، وائس پریذیڈنٹ عرفان چوہدری سابق صدور عبدالرؤف عالم، خالد جاوید، زبیر احمد ملک، محمد اعجاز عباسی، میاں اکرم فرید، زاہد مقبول، ایگزیکٹیو ممبران بشمول روحیل انور بٹ، ملک عبدالعزیز، نجیب الٰہی ملک، مرزا محمد علی، ملک عبدالعزیز، ثناء اللہ خان، اسحاق سیال ، عمیر عزیز ملک اور دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت ایگزیکٹو ممبر عمران منہاس نے کی۔ تقریب کا اختتام چوہدری عبدالمجید کو یادگاری شیلڈ پیش کرنے کے ساتھ ہوا۔

 

مزید خبریں