آزاد کشمیر پولیس نے کالعدم انتشاری کمیٹی کا پروپیگنڈا مسترد کر دیا
کالعدم انتشاری کمیٹی کاگمراہ کن پروپیگنڈامسترد،کالعدم تنظیم احتجاج چھوڑ کرجانے والے شہریوں کو ڈرانے اور دھمکانے لگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کالعدم انتشاری کمیٹی کے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا کو مکمل مسترد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے عوام انتشاری کمیٹی کی شرپسندی کے بیانیے کو مسترد کر کے واپس اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔
آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس نےاحتجاج چھوڑ کر واپس گھرجانے والوں کیلئے سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔ترجمان آئی جی آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی معصوم لوگوں کو ورغلا اور لالچ دے کر راولاکوٹ لائی تھی، آزاد کشمیرکے مختلف اضلاع کے افراد شرپسند کمیٹی کے رہنمائوں کے مجرمانہ کرداراور شرپسندی کے باعث احتجا ج چھوڑ کر واپس جا نا چاہتے ہیں ۔ترجمان کے مطابق واپس اپنے گھروں کو جانے کے خواہشمند افراد کو انتشاری کمیٹی کی جانب سے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں،احتجاج چھوڑ کر جانے والوں کو گرفتار کرنے کی بات سراسر بے بنیاد ، غلط ، جھوٹی اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔ترجمان کے مطابق پولیس کی جانب سے اپنے گھروں کو واپسی کے خواہشمند نوجوانوں کی حفاظت و واپسی کے لیے راولاکوٹ میں سہولت مراکز بنائے گئے ہیں، اپنے گھروں کو واپسی کے خواہشمند نوجوان پولیس سے رابطے میں رہ کر بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جا سکتے ہیں۔








