کامسٹیک ایوارڈز 2025 کے لئے منتخب سائنسدانوں کے ناموں کا اعلان

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سائنسی و تکنیکی تعاون کمیٹی او آئی سی ۔کامسٹیک نے منگل کو کامسٹیک ایوارڈز 2025 کے لئے منتخب سائنسدانوں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ یہ باوقار ایوارڈز او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنس، تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیئے جاتے ہیں۔ کامسٹیک کے مطابق ایوارڈز کا انتخاب عالمی …

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سائنسی و تکنیکی تعاون کمیٹی او آئی سی ۔کامسٹیک نے منگل کو کامسٹیک ایوارڈز 2025 کے لئے منتخب سائنسدانوں کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ یہ باوقار ایوارڈز او آئی سی کے رکن ممالک میں سائنس، تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو دیئے جاتے ہیں۔

کامسٹیک کے مطابق ایوارڈز کا انتخاب عالمی شہرت یافتہ سائنسدانوں پر مشتمل کمیٹی نے ٹرپل بلائنڈ ریویو کے انتہائی سخت اور شفاف طریقۂ کار کے تحت کیا جس سے شفافیت، میرٹ اور علمی برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا گیا۔ ایوارڈز کی باضابطہ منظوری صدر پاکستان نے بطور چیئرمین کامسٹیک دی ہے جبکہ یہ اعزازات کامسٹیک کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے دوران تقسیم کئے جائیں گے۔

کامسٹیک لائف ٹائم کنٹری بیوشن ایوارڈ برائے کیمسٹری ایران سے تعلق رکھنے والے ممتاز سائنسدان ڈاکٹر عبدالرضا (آرش)سمچی کو دیا گیا جبکہ لائف ٹائم کنٹری بیوشن ایوارڈ برائے حیاتیات پاکستان کے نامور ماہرِ حیاتیات پروفیسر محبوب الرحمٰن کے حصے میں آیا۔ یہ اعزازات ان کی کئی دہائیوں پر محیط علمی خدمات اور سائنسی میدان میں نمایاں اور انقلابی کام کے اعتراف میں دیئے گئے ہیں۔

ینگ ریسرچر کیٹیگری میں پاکستان کے ڈاکٹر عبدالرؤف اور متحدہ عرب امارات کے ڈاکٹر ظفر سعید کو ان کی غیرمعمولی ابتدائی تحقیقی کامیابیوں پر منتخب کیا گیا جو او آئی سی ممالک میں ابھرتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کی عکاسی کرتا ہے۔کامسٹیک بہترین پیٹنٹ ایوارڈ ملائیشیا کے پروفیسر لم ہانگ نی اور ترکیہ کے پروفیسر اشاک افسن کریپر کو عطا کیا گیا جنہوں نے سائنسی تحقیق کو عملی، تجارتی اور سماجی فائدے سے ہم آہنگ کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

بہترین تحقیقی مقالہ ایوارڈز مختلف شعبہ جات میں دیئے گئے جس میں حیاتیات میں ایران کی ڈاکٹر لُبات تقوی،کیمسٹری میں پاکستان کے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمٰن اور مصر کے ڈاکٹر عادل علی اسماعیل (مشترکہ طور پر)،ریاضی میں پاکستان کے پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف اور فزکس میں ازبکستان کے ڈاکٹر بوبومرات احمدوف کو اعزاز سے نوازا گیا۔

ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام سائنسدانوں کو اسناد، اعزازی شیلڈ اور 2,500 سے 8,000 امریکی ڈالر تک نقد انعام دیا جائے گا۔او آئی سی۔ کامسٹیک نے تمام ایوارڈ یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات او آئی سی رکن ممالک میں سائنسی تحقیق، اختراع اور ٹیکنالوجی کے فروغ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔