کامسٹیک بینادر یونیورسٹی کا آنکولوجی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل
کامسٹیک بینادر یونیورسٹی کا آنکولوجی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):موغادیشو میں کامسٹیک اور بینادر یونیورسٹی کے اشتراک سے کینسر کے علاج سے متعلق پانچ روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ پروگرام کی قیادت معروف کلینیکل آنکولوجسٹ ڈاکٹر اصغر ایچ اصغر نے کی، جنہیں اس شعبے میں 25 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ تربیتی پروگرام کے دوران مقامی ڈاکٹروں اور طبی ماہرین کو کینسر کی تشخیص، جدید طبی طریقہ علاج اور مریضوں کی نگہداشت کے حوالے سے عملی اور تکنیکی تربیت فراہم کی گئی۔
ان سیشنز میں سرکاری و نجی ہسپتالوں اور طبی جامعات سے وابستہ ماہرین نے بھرپور شرکت کی جبکہ وزارتِ صحت کے حکام بھی شریک ہوئے۔ دورے کے دوران ڈاکٹر اصغر ایچ اصغر نے وزارتِ صحت کا دورہ بھی کیا اور وزیر صحت سے ملاقات میں صومالیہ میں آنکولوجی خدمات کی بہتری کے لئے ایک پائیدار حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں بینادر یونیورسٹی کی قیادت کے ساتھ تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی گئی۔ یہ اقدام افریقہ میں طبی افرادی قوت کی استعداد بڑھانے کے لئے کامسٹیک کے کردار کو مزید مستحکم کرتا ہے جبکہ تنظیم او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تکنیکی تعاون کے فروغ کے اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے۔








