اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے جمہوریہ یمن کے طبی شعبے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پرائم انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اسلام آباد اور یمن کے سفارتخانے کے اشتراک سے نرسنگ، مڈوائفری اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
کامسٹیک کا یمن کے طبی شعبے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز

مزید خبریں
اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے جمہوریہ یمن کے طبی شعبے کی استعداد کار بڑھانے کیلئے پرائم انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اسلام آباد اور یمن کے سفارتخانے کے اشتراک سے نرسنگ، مڈوائفری اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے شعبوں میں خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 25 یمنی نرسز اور الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز پاکستان میں خصوصی تربیت حاصل کریں گے۔ کامیاب تکمیل کے بعد پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ یمنی طبی ماہرین اس سے استفادہ کر سکیں۔کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ یمن کو گزشتہ برسوں میں سنگین انسانی اور طبی چیلنجز کا سامنا رہا ہے، ایسے میں صحت کے شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام یمن کے طبی نظام کو مضبوط بنانے، خصوصاً ماں اور بچے کی صحت سے متعلق خدمات کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کامسٹیک او آئی سی رکن ممالک میں تعلیم، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کیلئے مختلف پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کامسٹیک یمن کیلئے اس سے قبل بھی متعدد تعلیمی اور تربیتی منصوبے شروع کر چکا ہے جبکہ حال ہی میں یمنی طلبہ کیلئے فیلوشپس اور سکالرشپس کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کیا گیا ہے جس سے 100 سے زائد یمنی سکالرز مستفید ہوں گے۔یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے اس اقدام کو او آئی سی ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کی عملی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام یمن کے مستقبل اور صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے۔
انہوں نے کامسٹیک اور پرائم انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے یمنی طبی ماہرین کو جدید مہارتیں اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔پرائم انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عبد الواحد نے کہا کہ ان کا ادارہ اس انسانی اور فلاحی مشن کا حصہ بننے پر فخر محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یمنی شرکا کو بین الاقوامی معیار کے مطابق عملی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جائے گی اور مستقبل میں بھی ان کی علمی و پیشہ ورانہ رہنمائی جاری رکھی جائے گی۔تقریب میں یمن کے سفارتخانے، کامسٹیک، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، یونیورسٹی آف چناب، طبی ماہرین، ماہرین تعلیم اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔







