کراچی،ذیابیطس کے مریضوں کیلئے 24 گھنٹے ہیلپ لائن قائم

کراچی،ذیابیطس کے مریضوں کیلئے 24 گھنٹے ہیلپ لائن قائم

کراچی۔ 30 اگست (اے پی پی):ذیابیطس کے باعث مریضوں کو پاؤں کے زخم، السر اور انفیکشن کی صورت میں فوری طبی رہنمائی اور مناسب علاج تک رسائی فراہم کرنے کیلئے 24 گھنٹے ڈائبیٹک فٹ ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق بروقت تشخیص، زخموں کے فوری علاج اور ماہرین تک رسائی کے ذریعے ان میں سے بڑی تعداد کو معذوری سے بچایا جاسکتا ہے۔

ہیلپ لائن 0330-6666774 کا اعلان بقائی انسٹی ٹیوٹ آف ڈائبیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی (BIDE) کے ڈائریکٹر پروفیسر زاہد میاں نے کراچی میں منعقدہ تین روزہ انٹرنیشنل کانفرنس آن ڈائبیٹیز اینڈ ڈائبیٹک فٹ 2026 کے دوران کیا، جو اتوار کو ملکی اور غیر ملکی ماہرین کی شرکت کے بعد اختتام پذیر ہوگئی۔ پروفیسر زاہد میاں کے مطابق ذیابیطس کے باعث پاؤں کے زخموں کے شکار مریضوں کو ابتدائی مرحلے میں درست رہنمائی، بروقت ریفرل اور علاج میسر آجائے تو بڑی تعداد میں پاؤں اور ٹانگیں کٹنے سے بچائی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلپ لائن چوبیس گھنٹے فعال رہے گی جہاں پاؤں میں زخم، السر، انفیکشن، سوجن یا کسی دوسری غیر معمولی علامت کی صورت میں مریضوں کو فوری رہنمائی فراہم کی جائے گی تاکہ حالت بگڑنے سے پہلے انہیں مناسب طبی مرکز یا ماہر ڈاکٹر تک پہنچایا جاسکے۔پروفیسر زاہد میاں نے ڈائبیٹک فٹ کی روک تھام اور علاج کیلئے پاکستان کے پہلے دو سالہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جس کا پہلا بیچ جنوری 2027 میں شروع ہوگا۔

پروگرام کے ذریعے طبی ماہرین کو پاؤں کے زخموں کی جلد تشخیص، علاج اور پاؤں یا ٹانگ کٹنے سے بچانے کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر محمد سیف الحق نے کہا کہ ذیابیطس کے مریض کے پاؤں پر معمولی زخم بھی نظرانداز کیے جانے کی صورت میں السر، شدید انفیکشن اور بالآخر پاؤں یا ٹانگ کاٹنے تک پہنچ سکتا ہے۔ مریضوں میں آگاہی، فوری علاج اور مختلف شعبوں کے ماہرین کے درمیان مربوط نظام ہزاروں افراد کو معذوری سے بچا سکتا ہے۔

مزید خبریں