کراچی سے خیبر تک لوگ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی ایک مرتبہ پھر بڑی قومی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے، پورے پاکستان نے دوبارہ سے وزیراعظم …

اسلام آباد ۔ 14 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، پی ٹی آئی ایک مرتبہ پھر بڑی قومی جماعت بن کر سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے، پورے پاکستان نے دوبارہ سے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ، کراچی سے خیبر تک لوگ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں، ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 11 نشستوں میں سے 6 پر پی ٹی آئی کی کامیابی عوام کا موجودہ حکومت پر بھرپور اعتماد کا اظہار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مختلف نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی 11 میں سے 6 نشستوں پر پی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ 2 نشستوں پر بڑا سخت مقابلہ ہے، اس لیے ہمارے لیے ضمنی انتخابات کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ تمام صوبوں میں پی ٹی آئی کی نمائندگی نظر آ رہی ہے کیونکہ انتخابات میں ہم تمام صوبوں سے جیتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ پی ٹی آئی واحد قومی جماعت ہے جبکہ باقی جماعتیں تو صوبائی جماعتیں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف حقیقی معنوں میں وفاق کی علامت بن کر ابھری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ کراچی سے خیبر تک لوگ وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹک کی سیٹ وزیراعظم عمران خان نے نہیں چھوڑی تھی، سب جانتے ہیں کہ اٹک کی قومی اسمبلی کی سیٹ ہم اپنے اندرونی اختلافات کی وجہ سے ہارے ہیں۔