کرسٹیانو رونالڈو کے متنازع گول نے نئی بحث چھیڑ دی، کیریئر کے 1000 گولز سے 18 قدم دور

سعودی پرو لیگ کے ایک اہم میچ میں النصر نے الفیصلی کو 1-3 گول سے شکست دے دی، تاہم کرسٹیانو رونالڈو کا گول متنازع قرار پانے کے بعد بحث کا موضوع بن گیا۔ای ایس پی این کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے جواؤ فیلکس کی فری کک پر ہیڈر لگانے کی کوشش کی، لیکن یہ واضح نہ ہو سکا کہ گیند ان کے سر سے لگی تھی یا براہِ …

ریاض۔24اکتوبر (اے پی پی):سعودی پرو لیگ کے ایک اہم میچ میں النصر نے الفیصلی کو 1-3 گول سے شکست دے دی، تاہم کرسٹیانو رونالڈو کا گول متنازع قرار پانے کے بعد بحث کا موضوع بن گیا۔ای ایس پی این کے مطابق 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے جواؤ فیلکس کی فری کک پر ہیڈر لگانے کی کوشش کی، لیکن یہ واضح نہ ہو سکا کہ گیند ان کے سر سے لگی تھی یا براہِ راست الفیصلی کے مدافع آندرے جیروٹو سے ٹکرا کر جال میں گئی۔

سعودی پرو لیگ نے گول کرسٹیانو رونالڈو کے نام کیا جبکہ اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے آپٹا نے اسے گول قرار دیا۔اس گول کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کے کیریئر کے مجموعی گولز کی تعداد 982 بتائی گئی، جس کے مطابق وہ 1000 گولز کا سنگ میل عبور کرنے سے 18 گول دور ہیں۔ کرسٹیانو رونالڈو نے میچ کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی جشن منانے کی تصویر بھی شیئر کی۔النصر کی جانب سے عبداللہ الحمدان نے ابتدائی برتری حاصل کی جبکہ کرسٹیانو رونالڈو نے 49ویں منٹ میں سکور 0-2 کر دیا۔

تھیو بونگونڈا نے الفیصلی کے لیے ایک گول کیا، تاہم اینجیلو گیبریئل نے آخری لمحات میں تیسرا گول کر کے النصر کی فتح یقینی بنا دی۔اس کامیابی کے ساتھ النصر نے لیگ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔النصر کی اس فتح نے انہیں ٹائٹل کی دوڑ میں القادسیہ اور الہلال کے ساتھ برقرار رکھنے میں مدد دی اور اس سیزن کی آٹھویں لیگ فتح ان کے نام کی۔