کرک پولیس کا سرچ آپریشن ،ایک منشیات فروش گرفتار،797 گرام آئس برآمد

تھانہ لتمبر ضلع کرک پولیس نے منگل کے روز سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک منشیات فروش گرفتار کرکے797 گرام آئس برآمد کر لی

پشاور۔ 29 ستمبر (اے پی پی):تھانہ لتمبر ضلع کرک پولیس نے منگل کے روز سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک منشیات فروش گرفتار کرکے797 گرام آئس برآمد کر لی۔

تر جمان کرک پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عمران خان کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ لتمبر کے ایس ایچ او افضل اعوان خان نے پولیس نفری کے ہمراہ لتمبر کے مضافاتی علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران اشتہاری ملزمان اور منشیات فروشوں کے ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 797 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

اسی دوران اشتہاری ملزمان کے ممکنہ ٹھکانوں کی تلاشی کے دوران ایک بندوق 223 بور بنمونہ کلاشنکوف، ایک کلاشنکوف اور ایک پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کرلی گئی اور ایک اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا۔ برآمد شدہ منشیات اور اسلحہ قبضے میں لے کر متعلقہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔