کسی شدید یا تاریخی سردی کی لہر کا امکان نہیں ہے،سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گمراہ کن موسمی پیشگوئیاں پھیلائی جا رہی ہیں ، محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 16 سے 25 جنوری کے دوران ملک بھر میں غیر معمولی اور ریکارڈ توڑ سردی کی لہر آئے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بغیر تصدیق کے گمراہ کن موسمی پیشگوئیاں پھیلائی جا رہی …

اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ 16 سے 25 جنوری کے دوران ملک بھر میں غیر معمولی اور ریکارڈ توڑ سردی کی لہر آئے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بعض سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بغیر تصدیق کے گمراہ کن موسمی پیشگوئیاں پھیلائی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

پی ایم ڈی نے واضح کیا ہے کہ دستیاب مشاہداتی ڈیٹا اور عددی موسمی ماڈلز کے تازہ تجزیے کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران درجہ حرارت معمول کے مطابق رہے گا اور کسی شدید یا تاریخی سردی کی لہر کا امکان نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران درجہ حرارت معمول کی حد میں اتار چڑھائو کے ساتھ برقرار رہے گاجبکہ ملک کے کسی حصے میں طویل المدتی یا غیر معمولی سردی کی پیش گوئی نہیں کی گئی۔

پی ایم ڈی نے عوام اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ مستند پیشگوئیوں، وارننگز اور ایڈوائزریز پر ہی انحصار کریں اور غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے گریز کریں تاکہ عوام میں بلاوجہ تشویش نہ پھیلے۔مزید موسمی اپ ڈیٹس کے لیے عوام کو محکمہ موسمیات پاکستان کی سرکاری ویب سائٹ، موبائل ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز فالو کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

مزید خبریں