کشمیری جلد ہی اپنی جدوجہد میں کامیابی حاصل کریں گے، چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کشمیری شہداءکے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی ان کے پختہ عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان بہادر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں ان کا …

اسلام آباد ۔ 5 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، کشمیری شہداءکے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے لوگوں کو بھی ان کے پختہ عزم پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان بہادر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں ان کا ساتھ دینے کے لئے پرعزم ہے۔ بدھ کو یوم یک جہتی کشمیر کے موقع پر نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پاکستان موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے علاوہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کر رہا ہے، پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر متحد ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے ان کی حمایت کرتی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل یہ ہے کہ کشمیریوں کو ان کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے پرعزم ہے، یہ پاکستان کی سفارتی فتح ہے کہ آخر کار عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کا نوٹس لینا شروع کردیا ہے۔ فواد حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم حق خود ارادیت کے جائز حق کے حصول کے لئے بہادر کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ کشمیری جلد ہی اپنی جدوجہد میں کامیابی حاصل کریں گے۔

مزید خبریں