"وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کا مشن مسلمانانِ کشمیر کو ڈوگرہ راج کی غلامی سے آزادی دلا کر ان کی امنگوں کے مطابق کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانا تھا، کشمیر کی آزادی اور تکمیلِ پاکستان تک غازی ملت کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔”
کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کا مشن جاری رکھیں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم آزاد کشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کا مشن مسلمانان کشمیر کو ڈوگرہ راج کی غلامی سے آزادی دلا کران کی امنگوں کی مطابق کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانا تھا،کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک غازی ملت کا مشن جاری رکھیں گے،کشمیری خون کے آخری قطرے تک آزادی کی جنگ جاری رکھیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی ملت سردار ابراہیم خان کی برسی کے موقع پر خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ غازی ملت نے 1915 سے 2003 تک نشیب وفراز سے بھرپور زندگی گذاری جس میں انہوں نے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی اور اپنے موقف پر ہمیشہ ڈٹے رہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی ذات کو تحریک آزادی کشمیر سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔ قوموں کی آزادی کے لیے عسکر ی اور پارلیمانی دونوں قوتوں کا اہم کردار ہوتا ہے جس میں سردار محمد ابراہیم خان کا نام سرفہرست ہے۔تحریک آزادی کشمیر میں جس طرح غازی ملت نے قومی قیادت کا فریضہ سرانجام دیا اور جس ولولہ اور جوش سے عملاً تحریک کا حصہ رہے وہ تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے۔غازی ملت نے ڈوگرہ راج کے خلاف بھرپور تحریک کاآغاز کیا۔ ناگفتہ بہ حالات میں جب مسلمانوں کو اجتماع کے لیے کوئی جگہ میسر نہ تھی تو 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں اپنی رہائش گاہ پر قراراد الحاق پاکستان منظور کرا کرکشمیری قوم کی منزل کا تعین کیا۔اس منزل کے حصول کے لیے جموں وکشمیر کے عوام ہندوستان کے بدترین جبر و استبداد کا مقابلہ کرتے ہوئے قربانیوں کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے تشخص اور حق پر نہ سمجھوتہ کیا ہے نہ کریں گے۔







