کشمیر پاکستان کی شہ رگ ، حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہر پاکستانی کا دل ان کے ساتھ دھڑک رہا ہے، وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھارتی تسلط سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی،ان کی پاکستان کے ساتھ نظریاتی وابستگی کے باعث آج ہر پاکستانی کا دل کشمیر یوں کے ساتھ دھڑک رہا ہے، ہم اپنی تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک آواز میں یہ پیغام دے رہے …

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بھارتی تسلط سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کے لیے کشمیریوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی،ان کی پاکستان کے ساتھ نظریاتی وابستگی کے باعث آج ہر پاکستانی کا دل کشمیر یوں کے ساتھ دھڑک رہا ہے، ہم اپنی تمام تر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ایک آواز میں یہ پیغام دے رہے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر چائنا چوک سے ڈی چوک تک نکالی جانے والی ریلی کے شرکا سے خطاب کے دوران کیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کر کے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا، زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص سرکاری ملازمین ،سکولز ،کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے واک میں شرکت کی۔ صبح 10 بجے سائرن بجتے ہی پوری شاہراہِ دستور پر ٹریفک تھم گئی اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کر کے شہدائے کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں نہ میڈیا کو رسائی ہے اور نہ ہی انسانی حقوق کی تنظیموں کو، یہ بندشیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت سے خوفزدہ ہے اور اپنے مظالم چھپانا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انڈیا آج پوری دنیا کے سامنے ایکسپوز ہو چکا ہے، 10 مئی کا واقعہ ہو یا ایل او سی پر بھارتی جارحیت، ہماری مسلح افواج اور آزاد کشمیر کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کو شکستِ فاش سے دوچار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر بنے گا پاکستان صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ہمارا ایمان اور منزل ہے جس کی خاطر ہماری نسلیں قربانیاں دیتی آئی ہیں، جب تک مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا پاکستان کا ایک ایک بچہ ان کا سفیر بن کر دنیا کو جھنجھوڑتا رہے گا۔ وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے لیے اپنی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک ان کی بھارتی تسلط سے آزادی کا سورج طلوع نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے شرکا کے ساتھ مل کر "پاکستان زندہ باد” اور "کشمیر بنے گا پاکستان” کے نعرے لگائے۔ تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوموں کی جلد آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔