کمبوڈیا میں رواں سال بین الاقوامی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کا انعقاد ہوگا

نوم پنہ، کمبوڈیا۔6فروری (اے پی پی):مملکت کمبوڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال اگست یا ستمبر میں بین الاقوامی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ اس کا باضابطہ اعلان کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر سمڈیچ اکا موہا سینا پڈئی تھیچو ہن سین اور ISC کے بانی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں منعقدہ اعلیٰ سطحی ناشتے کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ …

نوم پنہ، کمبوڈیا۔6فروری (اے پی پی):مملکت کمبوڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال اگست یا ستمبر میں بین الاقوامی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ اس کا باضابطہ اعلان کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر سمڈیچ اکا موہا سینا پڈئی تھیچو ہن سین اور ISC کے بانی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں منعقدہ اعلیٰ سطحی ناشتے کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر کمبوڈیا کے سینیٹ کے صدر نے خصوصی طور پر چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ناشتے کا اہتمام بھی کیا۔

اس غیر معمولی اور خصوصی ملاقات کو پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور مضبوط تعلقات کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ملاقات کے دوران کمبوڈین سینیٹ کے صدر نے عوامی طور پر کمبوڈیا کی جانب سے ISC کی میزبانی کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی کی مشاورت اور حوصلہ افزائی کے بعد کیا گیا ہے۔ انہوں نے ISC کو ایک معتبر عالمی پارلیمانی پلیٹ فارم بنانے میں چیئرمین گیلانی کے قائدانہ کردار کو سراہا اور اس عالمی فورم کے فروغ کے لیے کمبوڈیا کے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا۔دونوں رہنماؤں نے پارلیمانی سفارت کاری، عالمی امن، باہمی تعاون اور بین الاقوامی مکالمے کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا اور اس یقین کا اظہار کیا کہ ISC کی میزبانی کمبوڈیا کے عالمی پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرے گی۔

اس اہم ملاقات میں کمبوڈیا کی اعلیٰ قیادت اور سینئر حکام نے شرکت کی، جن میں نائب وزیراعظم اور وزیر برائے سول سروس ہن مانی، خصوصی مشن کے انچارج سینئر وزراء عثمان حسن اور سری تھارونگ، سینیٹ کی پہلی کمیٹی کے چیئرمین ٹگی چن فال، مسلح افواج کے نائب کمانڈر اور وزارت دفاع کے انٹیلی جنس چیف ہن مانیتھ، اور سینیٹ کے سیکریٹری جنرل لے سامکول شامل تھے۔ اس کے علاوہ کاروباری برادری کے ممتاز رہنماؤں، کمبوڈین چیمبر آف کامرس کی نائب صدر تیک اوکٹھا سیٹر رتھی اور حیات ریجنسی ہوٹل کے مالک نیک اوکٹھا لیا نگ مینگ نے بھی شرکت کی۔

چیئرمین سینیٹ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کمبوڈیا کی قیادت کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ISC کی میزبانی کے لیے کمبوڈیا کا انتخاب دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور تعمیری پارلیمانی مکالمے کے مشترکہ وژن کا مظہر ہے۔ملاقات کے دوران چیئرمین گیلانی نے تجویز دی کہ کمبوڈیا اسلام آباد میں اپنا سفارتی مشن قائم کرنے پر غور کرے تاکہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے، جس پر کمبوڈیائی قیادت کی جانب سے مثبت ردعمل سامنے آیا۔ علاوہ ازیں، چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کے وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے۔یہ پیش رفت پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

مزید خبریں