کورونا ایمر جنسی پلان پر عملدرآمدکے ساتھ ساتھ عوام کو آٹے کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے فلور ملوں کو پابند بنا دیا گیا ہے، راجہ راشد حفیظ

راولپنڈی ۔ 31 مارچ (اے پی پی) حکومت پنجاب کے کوویڈ 19 (کورونا وائرس )کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کورونا ایمر جنسی پلان پر عملدرآمدکے ساتھ ساتھ عوام الناس کو آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے شہر بھر کے مختلف پوائنٹس پر فلور ملوں کو معیاری آٹے …

راولپنڈی ۔ 31 مارچ (اے پی پی) حکومت پنجاب کے کوویڈ 19 (کورونا وائرس )کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ کورونا ایمر جنسی پلان پر عملدرآمدکے ساتھ ساتھ عوام الناس کو آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے شہر بھر کے مختلف پوائنٹس پر فلور ملوں کو معیاری آٹے کے 20 کلو وزن کے تھیلوں کی 800 روپے فی تھیلا فروخت کا پابند بنا دیا گیا ہے جبکہ یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹا وافر دستیاب ہے مشکل اور کڑے وقت میں ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کرکے عوام کےلئے پریشانی کا باعث بننے والے عناصر کے ساتھ سختی کے ساتھ نمٹا جائیگا ۔ انہوں نے یہ بات ہولی فیملی ہسپتال میں قرنطینہ سنٹراور ٹیلی میڈیسن سنٹر سمیت شہر کے مختلف حصوں میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ راجہ راشد حفیظ نے بتایا کہ 19 مختلف فلور ملوں کو ہدایات جاری کرکے ان کوراولپنڈی شہر کے سترہ مختلف علاقوں سمیت مری اور چیک بیلی خان میں سستے اور معیاری آٹے کی فروخت کےلئے پابند بنا دیا گیا ہے راولپنڈی شہر میں دھمیال کیمپ ، خواجہ کارپوریشن اڈیالہ روڈ ، نیو کٹاریاں ، محلہ راجہ سلطان ، اعوان مارکیٹ ، رنگ روڈ ، ڈھوک حسو ، ٹرانسفارمر چوک صادق آباد ، گلزار قائد ، جھنڈا چیچی ، 22 نمبر چونگی ، چوہڑ چوک ، بنی چوک ، سرسید چوک ، ڈھوک کالا خان ، کمیٹی چوک اور حیدری چوک میں ملوں کی جانب سے ٹرکوں پر آٹے کے سیل پوائنٹ مقرر کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اگر ضرورت پڑی تو مزید علاقوں میں بھی ایسے انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا ۔ راجہ راشد حفیظ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا ایمر جنسی میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گھروں کو خود ہی حفظ ما تقدم کے طور پر قرنطینہ سنٹر بنا لیں انہوں نے کہا کہ عوام لاک ڈاﺅن کے دوران اشیائے خوردو نوش کی دستیابی کے حوالے سے قطعاً پریشان نہ ہوں اور آٹے سمیت ہر چیز اتنی ہی مقدار میں خریدیں جتنی ان کو ضرورت ہو ۔ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملوں کو گندم کی سپلائی میں اضافہ کرکے آٹے کی پروڈکشن میں 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے ۔ عوام بھی ذخیرہ کرنے سے باز رہیں اور افراتفری پیدا کرنے میں کردار ادا نہ کریں ۔ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ کریک ڈاﺅن ہوگا اور انہیں جیلوں میں جانا ہوگا۔ صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ حکومت پنجاب کے انتظامات کے تحت 5 ہزارمیٹرک ٹن گندم کے پی کے کو روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جا رہی ہے تاکہ وہاں پر بھی عوام الناس کو آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید خبریں