کورونا وائرس کی حالیہ وباءکی صورتحال میں اپوزیشن نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، ، وفاقی وزیر ریلویز کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ وباءکی صورتحال میں اپوزیشن نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، پوری اپوزیشن قومی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے نبھا رہی ہے، صورتحال کے تناظر میں حزب اختلاف کے بیانات مثبت ہیں،کورونا وائرس کی وباءکے باعث 34 ٹرینیں معطل کی جارہی ہیں جبکہ 8 مزید ٹرینیں بھی معطل …

اسلام آباد ۔ 21 مارچ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ وباءکی صورتحال میں اپوزیشن نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے، پوری اپوزیشن قومی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے نبھا رہی ہے، صورتحال کے تناظر میں حزب اختلاف کے بیانات مثبت ہیں،کورونا وائرس کی وباءکے باعث 34 ٹرینیں معطل کی جارہی ہیں جبکہ 8 مزید ٹرینیں بھی معطل کی جائیں گی، 17 اپ اور 17 ڈاﺅن ٹرینیں معطل کی جارہی ہیں، چھٹیوں کے باعث لوگ سفر کررہے تھے اس لئے ٹرینوں کو 24مارچ تک معطل کردیں گے، معطل شدہ ٹرینوں کی بکنگ کے ریفنڈز کئے جارہے ہیں اورجو لوگ سفر کرنا چاہئیں وہ دیگر ٹرینوں میں اسی کلاس میں سفر کرسکتے ہیں، عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے اپنے مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کےلئے حفاظتی اقدامات میں اضافہ کررہی ہے، ریلوے کے 1885 کلومیٹر کے طویل ٹریک پر حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اس وقت142 مسافر ٹرینیں چلا رہی تھی جن میں سے 34 کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ 8مزید ٹرینیں یکم اپریل کو بند کردی جائیں گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں لاک ڈاﺅن کا حامی نہیں ہوں اور اس حوالے سے وزیراعظم کے فیصلے سے اتفاق کرتا ہوں، لاک ڈاﺅن کا اختیار وزیراعظم کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے معطل ٹرینوں کو دوسری گاڑیوں سے منسلک کیا ہے تاکہ اخراجات کی بچت ہو ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرینیں بند نہیں بلکہ معطل کی گئی ہیں، حالات بہتر ہونے پر بحال کردی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مسافروں کی تعداد120 سے 60 تا65 فیصد کم ہوئی ہے جس کے تناظر میں ٹرینوں کو معطل کیا گیا ہے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ 15 رمضان تک ٹرینیں معطل رہیں گی اور 42 ٹرینوں کو معطل کرکے صرف100 ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے نے 17 اپ اور17 ڈاﺅن ٹرینوں کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم چھٹیوں کی وجہ سے لوگ سفر کررہے تھے اس لئے ٹرینوں کو 25مارچ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ (آج) اتوار کو12 ٹرینیں معطل کی جائیں گی جبکہ 22 ٹرینیں 24مارچ کو معطل کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ معطل شدہ ٹرینوں کے مسافر اپنا ٹکٹ تبدیل یا ریفنڈ کرا سکتے ہیں، اگر سفر کرنا چاہئیں تو دیگر ٹرینوں میں اسی کلاس میں سفر کرسکتے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے عوام پر زور دیا کہ صرف ضروری سفر کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ معطل ٹرینوں کے حوالے سے لوگوں کو 8 کروڑ روپے کا ریفنڈ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کی ادائیگی کا مسئلہ ہے، وزیراعظم عمران خان سے استدعا کی ہے کہ ریلوے کی پنشن حکومت ادا کرے، تنخواہیں ہم اپنے ریونیو سے ادا کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملازم کو نوکری سے برخاست نہیں کی جارہا تمام ملازمین کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوف پھیلانے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ خوف سے قوم کی خدمت نہیں ہوسکتی بلکہ نقصان ہی ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کو 2.3538 ارب روپے کا خسارہ ہورہا ہے اگر حکومت پنشن ادا کرے تو خسارے میں مزید کمی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباءکے حالیہ تناظر میں اپوزیشن نے ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے اور ان کے بیانات مثبت ہیں، پوری اپوزیشن قومی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔