کورونا وائرس کی وباختم ہونے کے قریب نہیں ،اومیکرون کے بعدمزید نئے ویرینٹس سامنے آنے کا امکان ہے، ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او

جنیوا۔19جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہنوم گیبریسس نے دنیا کے سربراہان کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کا وبائی مرض ختم ہونے کے قریب نہیں ہے بلکہ اومیکرون کے بعد بھی مزید نئے ویرینٹس سامنے آنے کا امکان ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے ہیڈکوارٹرز میں نیوز کانفرنس کے دوران اومیکرون ویرینٹ …

جنیوا۔19جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہنوم گیبریسس نے دنیا کے سربراہان کو خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کا وبائی مرض ختم ہونے کے قریب نہیں ہے بلکہ اومیکرون کے بعد بھی مزید نئے ویرینٹس سامنے آنے کا امکان ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے جنیوا میں عالمی ادارہ صحت کے ہیڈکوارٹرز میں نیوز کانفرنس کے دوران اومیکرون ویرینٹ کے حوالے سے دیئے جانے والے گمراہ کن دلائل کے خلاف انتباہ کیا جس میں یہ کہا جارہا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ بہت ہلکا ہے اور اس نے کورونا وائرس سے لاحق خطرے کو ختم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اومیکرون کے پھیلائو کے باعث گزشتہ ہفتے دنیا بھر میں ایک کروڑ 80لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اومیکرون کا خطرہ اوسطاً کم ہو سکتا ہے لیکن اسے ہلکی بیماری کے طور پر بیان کرنا گمراہ کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اومیکرون کم شدت کے حامل کیسز رپورٹ ہونے اور اموات کا باعث بننے کے باوجود صحت کے نظام کو متاثر کر رہا ہے۔ انہوں نے دنیا کے سربراہان کو خبردار کیا کہ دنیا بھر میں اومیکرون کے پھیلائو میں تیزی کے بعدبھی مزید نئے ویرینٹس سامنے آنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے ٹریکنگ اور تشخیص بہت اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ خاص طور پر ایسے ممالک کے بارے میں فکر مندہیں جہاں ویکسی نیشن کی شرح کم ہے کیونکہ غیرویکسین شدہ افراد کے شدید متاثر ہونے سےموت کا خطرہ کئی گنا زیادہ ہوتا ہے۔