چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی سرگودہا کی زیر صدارت اجلاس، ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی

رکن پنجاب اسمبلی و چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی منصور احمد سندھو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دی

سرگودھا۔ 18 ستمبر (اے پی پی):رکن پنجاب اسمبلی و چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی منصور احمد سندھو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،جس میں گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر متعلقہ افسران نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، تعمیراتی کاموں کے معیار اور عوام کو منصوبوں کے ثمرات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ محکمے منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کریں اور درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے موثر اقدامات کریں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام حامد چھٹہ نے ضلع سرگودھا کی چار تحصیلوں میں جاری 18 ارب روپے کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے مختلف منصوبوں اور کمپوننٹس کے تحت جاری کام، پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ واسا حکام نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں میگا پراجیکٹ کے مختلف حصوں میں جاری کام اور پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدام ’’سوہنے پنڈ، سوہنیاں راہواں‘‘ کے تحت ضلع سرگودھا میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کے بارے میں بتایا کہ مجموعی طور پر 61 سڑکوں کی 162.30 کلومیٹر تعمیر و بحالی شامل ہے، جن میں سے 51 سڑکوں پر 115.75 کلومیٹر کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ 10 سڑکوں پر 46.55 کلومیٹر پرکام جاری ہے۔

پنجاب صاف پانی اتھارٹی حکام نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سرگودھا میں مجموعی طور پر 109 فلٹریشن پلانٹس قائم ہیں، جن میں سے 68 فعال ہیں جبکہ 31 پلانٹس کی بحالی پر کام جاری ہے اور تمام پلانٹس کو 2 نومبر تک فعال کر دیا جائے گا۔ ایکسین بلڈنگز بدر سلطان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدام کے تحت بی ایچ یوز اور آر ایچ سیز کی ری ویمپنگ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے فیز ون اور فیز ٹو مکمل ہو چکے ہیں جبکہ فیز تھری کے تحت ضلع سرگودھا کے 66 بی ایچ یوز کی ری ویمپنگ جاری ہے۔ اجلاس میں تعمیراتی کاموں کی تھرڈ پارٹی ویری فکیشن اور انسپیکشن کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ سی ای او ایجوکیشن نے ضلع سرگودھا میں نواز شریف سکول آف ایمیننس کے قیام اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایم پی اے منصور احمد سندھو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام سے معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور فیسکو حکام پر زور دیا گیا کہ رات 10 سے صبح 5 بجے تک لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے حوالے سے موثر اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کے شرکا نے میاں سلطان علی رانجھا کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی جبکہ میاں اکرام الحق کی صحت یابی پر بھی اظہار تشکر کیا گیا۔

چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر مقررہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے کمیٹی کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے۔ اجلاس میں ایم این اے ارم حامد حمید، ایم پی ایز میاں اکرام الحق، تیمور علی خان، میاں سلطان علی رانجھا، لیگی رہنمائوں عبدالرزاق ڈھلوں، ملک شعیب اعوان، ڈاکٹر لیاقت علی اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں