اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مغربی میڈیا کی نسبت پاکستانی میڈیا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آگاہی مہم میں انتہائی ذمہ …
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سپیکر قومی اسمبلی

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس سے متعلق عوام کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، مغربی میڈیا کی نسبت پاکستانی میڈیا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے آگاہی مہم میں انتہائی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی ہے۔ ہفتہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود میڈیا کی فرنٹ لائن پر رپورٹنگ قابل تعریف ہے، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے میڈیا کے ذمہ دارانہ کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، میڈیا نے عوام کو صحیح معنوں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنانے سے آگاہ کیا ہے، ٹاک شوز کے ذریعے بین الاقوامی ماہر ڈاکٹرز کے مفید مشوروں سے عوام میں وائرس کے متعلق شعور اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ہر مشکل وقت میں ذمہ دارانہ رپورٹنگ کر کے ملک اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، کورونا وائرس جیسی عالمی وباء سے حکومت، میڈیا اور عوام کے تعاون سے ہی نبرد آزما ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ہر محاذ پر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بدولت دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اس وقت ملک اور قوم مشکل دور سے گزر رہے ہیں جس کا مقابلہ ہم نے بحیثیت قوم کرنا ہو گا۔ اسد قیصر نے کہا کہ کورونا وائرس سے جہاں ملکی معیشت کو دھچکا لگایا ہے وہاں میڈیا ورکرز پر بھی اس کا براہ راست اثر پڑا ہے، حکومت میڈیا کے معاشی مسائل کو حل کرنے میں سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن پر رپورٹنگ کرنے والے میڈیا رپورٹرز کو حفاظتی لباس کی فراہمی ضروری ہے، اس آزمائش سے نکلنے کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور زیادہ سے زیادہ دعائیں اور استغفار کرنے کی ضرورت ہے۔








