کولگام واقعہ: جے کے این سی کے نوجوان رہنما کو دہشت گرد قرار دینے پر بھارتی میڈیا کو عالمی سطح پر خفت کا سامنا

بھارتی میڈیا کو ایک بار پھر اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب کولگام فائرنگ کے واقعہ سے مبینہ طور پر منسلک دہشت گرد کی تصویر غیر قانونی طور پر بھارت

اسلام آباد۔16نومبر (اے پی پی):بھارتی میڈیا کو ایک بار پھر اس وقت خفت کا سامنا کرنا پڑا جب کولگام فائرنگ کے واقعہ سے مبینہ طور پر منسلک دہشت گرد کی تصویر غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے ایک سیاسی کارکن کی نکلی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی نیوز چینل نیوز 18 نے کولگام فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے یوتھ جوائنٹ سیکرٹری لطیف احمد بٹ کی تصویر نشر کرتے ہوئے انہیں دہشت گرد ظاہر کیا۔رپورٹ کے مطابق محمد لطیف کا تعلق آئی آئی او جے کے کے علاقے بانڈی پورہ سے ہے اور وہ ایک نوجوان سیاسی رہنما، تاجر اور دو بچوں کے والد ہیں۔تصویر کو دہشت گردی کے واقعے سے منسلک کرنے پر بھارتی میڈیا کو عوامی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

محمد لطیف احمد بٹ نے متعلقہ نیوز چینل سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے ہتک عزت کا دعویٰ اور قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں اور غلط خبر نشر ہونے سے انہیں شدید ذہنی اذیت پہنچی ہے۔بعد ازاں بٹ کے قانونی کارروائی کے انتباہ پر بھارتی چینل نے اپنی ویب سائٹ سے خبر ہٹا دی۔مبصرین کے مطابق یہ محض غلطی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا کے ایک ایسے طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے جس میں سوشل میڈیا سے کشمیری شہریوں کی تصاویر لے کر انہیں دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے، جس سے ان کی جان و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ صحافت اور سنسنی خیز رپورٹنگ پر ماضی میں امریکی سفیر برائے بھارت سرجیو گور بھی تنقید کر چکے ہیں۔

اگست 2026 میں بھارتی میڈیا کی سنسنی خیزی اور جعلی خبروں پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی ٹی وی چینلز پر خبر، تجزیے اور حقائق کے درمیان فرق ختم ہو چکا ہے۔اس سے قبل ستمبر 2026 میں بھارتی فوج اور میڈیا نے بڈگام میں سابق پاکستانی ایس ایس جی کمانڈو محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ تاہم یکم اکتوبر 2026 کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف کو میڈیا کے سامنے زندہ اور خیریت سے پیش کیا، جس سے بھارتی دعوے غلط ثابت ہوئے۔اسی طرح مئی 2025 میں آپریشن سندور کے دوران بھارتی میڈیا کی جانب سے مبینہ طور پر من گھڑت خبریں نشر کی گئیں جن میں ویڈیو گیمز کے مناظر اور پرانی ویڈیوز کو غلط دعوؤں کے ساتھ پیش کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا اور فیکٹ چیکرز نے ان دعوؤں کو مسترد کیا تھا۔مئی 2025 میں بھارتی میڈیا نے ایک خطرناک کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا، جو دراصل پونچھ سے تعلق رکھنے والے مدرسے کے استاد قاری محمد اقبال تھے۔ بی بی سی نے 26 مئی 2025 کی اپنی رپورٹ میں اس دعوے کی حقیقت سامنے لاتے ہوئے ان کی اصل شناخت واضح کی تھی۔رپورٹ کے مطابق مئی 2025 سے بھارتی میڈیا کی جعلی خبروں اور مبینہ پروپیگنڈے کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔

مزید خبریں