کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی جرات و قربانی قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی، سردار ایاز صادق

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کی 27 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال جرأت اور عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر) کی 27 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے کارگل کے محاذ پر بے مثال جرأت اور عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔اتوار کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قوم کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کارگل کے محاذ پر کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی جرات و بہادری ملکی تاریخ کا روشن باب ہے اور پوری قوم کو اپنے اس عظیم ہیرو کی قربانی پر فخر ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی نوجوان نسل کے لیے حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے جوانوں اور افسران نے دفاعِ وطن کے لیے ہمیشہ لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم ہمیشہ اپنی مسلح افواج اور سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر پوری قوم اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق مسلح افواج کی جرات، پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اور قوم کے اتحاد اور ایمان کا مظہر ہے۔اس موقع پر اسپیکر سردار ایاز صادق نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔