کیڈٹ کالج وانا، جنوبی وزیرستان میں موجود تمام طلباء اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا،سیکورٹی ذرائع

راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):کیڈٹ کالج وانا، جنوبی وزیرستان میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق اب آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائے گا،آخری خوارج کو جہنم واصل کرنے تک سیکورٹی آپریشن جاری رہے گا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق تمام طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں۔وانا کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کی جانب سے ناکام حملہ میں ریسکیو کئے …

راولپنڈی۔11نومبر (اے پی پی):کیڈٹ کالج وانا، جنوبی وزیرستان میں موجود تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق اب آپریشن جامع طریقے سے حتمی انجام کو پہنچایا جائے گا،آخری خوارج کو جہنم واصل کرنے تک سیکورٹی آپریشن جاری رہے گا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق تمام طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں۔وانا کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کی جانب سے ناکام حملہ میں ریسکیو کئے گئے کیڈٹس کی ویڈیو منظر عام پر آ گئی جس میں طلباء نے کہا ہے کہ پاک آرمی نے ہماری حفاظت کی اور الحمدللہ تمام طلباء محفوظ ہیں۔طلباء کے مطابق کیڈٹ کالج پر فتنہ الخوارج کے شرپسندوں کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ہلاک کیا،سکیورٹی فورسز نے بہادری سے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کیا۔

پاک آرمی نے ہماری حفاظت کی اور الحمدللہ، تمام طلباء محفوظ ہیں۔ کیڈٹ کالج وانا کے ایک طالب علم نے کہا ہے کہ میں 12ویں جماعت کا طالبعلم اور وزیرستان کے ایک معمولی خاندان سے تعلق رکھتا ہوں۔ پاک فوج نے ہمارے لئے یہ کیڈٹ کالج بنایا ہے تاکہ ہمیں تعلیم، امن اور ترقی مل سکے۔

طالب علم نے مزید کہا کہ یہ بزدل دہشت گرد ہمیشہ چاہتے تھے کہ وزیرستان کے بچے تعلیم سے محروم رہیں،یہ بزدل دہشت گرد ہمیشہ چاہتے ہیں کہ بچوں کو تعلیم سے محروم رکھ کر اپنے شیطانی خیالات نافذ کر سکیں، ان دہشت گردوں نے ایک بار پھر کوشش کی مگر ناکام رہے اور ہمیشہ ناکام رہیں گے۔

دریں اثنا کیڈٹ کالج وانا کے مرکزی گیٹ پر خود کش حملے کی اندورونی سی سی ٹی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔ویڈیو میں واضح دیکھا جاسکتا ہے کہ کیسے کالج کے گیٹ پر خود کش دھماکہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارجیوں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے سے کالج کا مرکزی دروازہ مکمل طور پر منہدم ہو گیا جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور بہادری سے کارروائی کرتے ہوئے دو خوارجیوں کو موقع پر ہی جہنم واصل کر دیا تھا۔معصوم قبائلی بچوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے،نہ قبائل سے ،نہ پاکستان کی خوشحالی سے ہے،دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری رہے گا۔