گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 88فیصد اضافہ

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی) گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 88فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کووڈ19-کی وباءکے باوجود ایف ڈی آئی میں اضافہ خوش آئند ہے جس سے پاکستان کی قومی اقتصادی پالیسیز پر عالمی برادری کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق …

اسلام آباد ۔ 19 جولائی (اے پی پی) گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں کی جانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 88فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کووڈ19-کی وباءکے باوجود ایف ڈی آئی میں اضافہ خوش آئند ہے جس سے پاکستان کی قومی اقتصادی پالیسیز پر عالمی برادری کے اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2020ءمیں 2.561ارب ڈالرکی ایف ڈی آئی کی گئی ہے جبکہ مالی سال 2019ءکے دوران ملک میں 1.362ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔ اس طرح مالی سال 2019ءکے مقابلہ میں مالی سال 2020ءکے دوران ملک میں کی جانے والی ایف ڈی آئی میں 1.199ارب ڈالر یعنی 88فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق جون 2020ءکے دوران ایف ڈی آئی کی شرح میں 71فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران 175ملین کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ جون 2019ءمیں ایف ڈی آئی کا حجم 103ملین ڈالر رہا تھا۔ دوران سال مجموعی ایف ڈی آئی میں 33فیصد حصہ کے ساتھ چین سب سے نمایاں رہا اور چین کی جانب سے گذشتہ مالی سال کے دوران پاکستان میں 843ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کی گئی جبکہ 403ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ ناروے دوسرا بڑا ملک رہا ہے۔ اسی طرح مالٹا کی جانب سے222ملین ڈالر جبکہ ہانگ کانگ کی جانب سے مالی سال 2020ءکے دوران پاکستان میں 215ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔