برسلز ۔9دسمبر (اے پی پی):یورپی یونین کے ماحولیاتی ادارے کوپرنی کس کلائمیٹ چینج سروس نے کہا ہے کہ سال 2025 دنیا کے گرم ترین سالوں میں شامل ہونے جا رہا ہے اور امکان ہے کہ یہ 2023 کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرا گرم ترین سال قرار پائے، جبکہ نومبر 2025 عالمی طور پر ریکارڈ کے مطابق تیسرا گرم ترین نومبر رہا۔ جنوری سے نومبر تک عالمی اوسط درجہ حرارت …
گلوبل درجہ حرارت میں اضافہ،2025 دنیا کے گرم ترین سالوں میں شامل

مزید خبریں
برسلز ۔9دسمبر (اے پی پی):یورپی یونین کے ماحولیاتی ادارے کوپرنی کس کلائمیٹ چینج سروس نے کہا ہے کہ سال 2025 دنیا کے گرم ترین سالوں میں شامل ہونے جا رہا ہے اور امکان ہے کہ یہ 2023 کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرا گرم ترین سال قرار پائے، جبکہ نومبر 2025 عالمی طور پر ریکارڈ کے مطابق تیسرا گرم ترین نومبر رہا۔ جنوری سے نومبر تک عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی دور سے قبل کے معیار سے 1.48 ڈگری سیلسیس زیادہ رہا، جو 2023 کے پورے سال کے برابر ہے۔
اگرچہ 2025 خود پیرس معاہدے کی مقرر کردہ 1.5 ڈگری حد کو شاید نہ چھوئے، لیکن 2023 سے 2025 کے درمیان تین سالہ اوسط درجہ حرارت اس حد سے تجاوز کرنے کا امکان ہے، جو ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔ نومبر 2025 میں اوسط عالمی درجہ حرارت 14.02 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ریکارڈ ساز نومبر 2023 سے صرف 0.2 ڈگری کم تھا۔ ادارے کے مطابق یہ تبدیلیاں محض اعداد و شمار نہیں بلکہ تیزی سے بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلی کی واضح علامات ہیں، جنہیں روکنے کا واحد راستہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں فوری کمی ہے۔ اسی دوران سمندری درجہ حرارت غیر معمولی حد تک بلند رہا، جبکہ آرکٹک اور انٹارکٹک سی آئس بھی بالترتیب اوسط سے 12 اور 7 فیصد کم رہی، جو موسمیاتی نظام میں مسلسل بگاڑ کی نشاندہی کرتی ہے۔








