گوادر، تعلیمی معیار، انتظامی امور اور مالی وسائل میں بہتری کے لیے تجاویز کا جائزہ

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی سربراہی میں جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری سکول سے متعلق اجلاس، تعلیمی معیار کی بہتری، بجٹ میں اضافے اور بس سروس کے آغاز کی تجاویز کا اجلاس منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 09 اکتوبر (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی سربراہی میں جی ڈی اے پبلک ہائر سیکنڈری سکول سے متعلق اجلاس، تعلیمی معیار کی بہتری، بجٹ میں اضافے اور بس سروس کے آغاز کی تجاویز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی کے حالیہ دورہ گوادر کے موقع پر دی گئی ہدایات کی روشنی میں سکول کے تعلیمی معیار، انتظامی امور اور مالی وسائل میں بہتری کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔چیف انجینئرجی ڈی اے حاجی سید محمد، پرنسپل ڈاکٹر محمد مظفر نور، ڈائریکٹر فنانس عبدالشکور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ، اخراجات اور مالی سال 2026-27 کے بجٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے مالی نظم و ضبط، کفایت شعاری اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔

سکول کے تعلیمی معیار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ سے الحاق، صوبائی حکومت سے سالانہ 10 کروڑ روپے کی اضافی بجٹ مختص کرنے درخواست، مستحق طلبہ کی فیسوں میں رعایت اور انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے سے متعلق تجاویز بھی زیرِ غور آیا جس پر ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ افسران کو سکول کی بہتری کیلئے مزید امکانات اور تجاویز پر تفصیلی کام کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں گوادر اولڈ ٹاؤن کے طلبہ و طالبات کو آمدورفت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے سکول بس سروس فوری شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، جس کے لیے ضروری انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سکول میں معیاری تعلیم، بہتر سہولیات اور مستحق طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع کی فراہمی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔