حکومت بلوچستان کی تعلیمی پالیسی کے تحت گوادر میں معیاری تعلیم کے فروغ، تدریسی معیار میں بہتری اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے مختلف اقدامات کا سلسلہ جاری ہے
گوادر میں اساتذہ کی 16 روزہ تربیتی نشست کا آغاز ہوگیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 21 ستمبر (اے پی پی):حکومت بلوچستان کی تعلیمی پالیسی کے تحت گوادر میں معیاری تعلیم کے فروغ، تدریسی معیار میں بہتری اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے محکمہ تعلیم کی جانب سے مختلف اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔گوادر پبلک سکولز اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (جی پی ای ) اور یونیسیف کے تعاون سے سینٹر فار پروفیشنل ڈویلپمنٹ (سی پی ڈی) پروونشل انسٹی ٹیوٹ فار ٹیچر ایجوکیشن بلوچستان کے زیرِ اہتمام اساتذہ کی 16 روزہ تربیتی نشست کا آغاز ہوگیا۔ تربیتی ورکشاپ پروگرام گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مستانی ریک بازار پسنی میں جاری ہے، جس میں ضلع گوادر کے مختلف سرکاری سکولوں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ شرکت کر رہے ہیں۔
تربیت کے دوران اساتذہ کو انگریزی، اردو، ریاضی اور جدید تدریسی طریقہ کار (پیڈاگوجی) کے حوالے سے عملی و علمی تربیت فراہم کی جا رہی ہے ضلعی ٹریننگ منیجر صقر ناصر کی نگرانی میں جاری تربیتی نشست کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید تدریسی حکمتِ عملی سے آگاہی اور کلاس روم میں طلبہ کو مؤثر تعلیمی رہنمائی فراہم کرنے کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔عوامی و تعلیمی حلقوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر گوادر زاہد حسین اور ڈسٹرکٹ ٹریننگ منیجر صقر ناصر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگرام اساتذہ کی استعدادِ کار بڑھانے، تدریسی معیار بہتر بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے حکومتی عزم کو عملی شکل دینے میں معاون ثابت ہوں گے۔








