گورنر خیبرپختونخوا سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات،دوطرفہ تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس دوران بدلتی علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس دوران بدلتی علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر نے ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کی بہترین سفارتکاری اور تعمیراتی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں توانائی، سلامتی ومعدنیات کے شعبوں، سرمایہ کاری کے فروغ، پائیدار ترقی کےلئے تکنیکی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا بھر میں امن و استحکام کےلئے مکالمے اور سفارتی روابط جاری رکھنے کےلئے پرعزم ہے، ہم شروع دن سے خطے میں پائیدار امن کےلئے مذاکراتی عمل پر یقین رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے نوجوانوں، تکنیکی ماہرین اور مختلف شعبوں میں مہارت رکھنے والے شہریوں کی بڑی تعداد برطانیہ میں خدمات انجام دے رہی ہے، برطانوی حکومت کی جانب سے صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کےلئے مزید مواقع پیدا کرنے کےلئے پرامید ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر خیبرپختونخوا کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔