گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان یوتھ وژن پارلیمنٹ کے چیئرمین حافظ حذیفہ شاہ کی قیادت میں وفد کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان یوتھ وژن پارلیمنٹ کے چیئرمین حافظ حذیفہ شاہ کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی ۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ملاقات میں گورنر کوصوبے کے مختلف اضلاع میں نوجوانوں اور فریش گریجویٹس کو درپیش مسائل حوالے سے کیے گئے سروے کی رپورٹ پیش کی۔

پشاور۔ 25 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان یوتھ وژن پارلیمنٹ کے چیئرمین حافظ حذیفہ شاہ کی قیادت میں وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی ۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق ملاقات میں گورنر کوصوبے کے مختلف اضلاع میں نوجوانوں اور فریش گریجویٹس کو درپیش مسائل حوالے سے کیے گئے سروے کی رپورٹ پیش کی۔وفد نے گورنر کو فریش گریجویٹس کو روزگار کے حصول میں درپیش مشکلات، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان تعلقات، سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات کے بڑھتے ہوئے رجحان سمیت نئی نسل کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نوجوان ملک اور صوبے کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لانے کے لیے تعلیمی اداروں، حکومت اور نوجوانوں کے نمائندہ پلیٹ فارمز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔گورنر نے کہا کہ فریش گریجویٹس کو صرف ڈگریاں دینے کے بجائے انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر، عملی تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلبہ کے درمیان مثبت اور بااعتماد تعلق تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا نے سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے فروغ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلط اور غیر مصدقہ معلومات نوجوان نسل کے ذہنوں اور معاشرے پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہیں ۔نوجوانوں میں میڈیا لٹریسی، ڈیجیٹل آگاہی اور معلومات کی تصدیق کا شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبہ میں صحت کی ابتر صورتحال ہے جبکہ سندھ میں ایس آئی یو ٹی میں کیش کاؤنٹر نہیں مفت علاج ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فیک نیوز کی شناخت اور مستند معلومات تک رسائی کے حوالے سے آگاہی دینے کے لیے تعلیمی اداروں اور یوتھ پلیٹ فارمز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ نوجوانوں کے مسائل، روزگار کے مواقع اور تعلیمی و سماجی معاملات سے متعلق سفارشات کو متعلقہ فورمز تک پہنچانے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

مزید خبریں