گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام

سلیم خان آفریدی کی جانب سے فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی قیادت کے اعزاز میں عشائیہ

پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے اعزاز میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سابق امیدوار صوبائی امیدوار پی کے 67 اور سابق ناظم سلیم خان آفریدی نے عشائیہ کا اہتمام کیا۔

گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر سید محمد علی شاہ باچا، پشاور ڈویژن کے صدر مصباح الدین، چیئرمین ہلالِ احمر پاکستان فرزند علی وزیر ، پشاور میٹروپولیٹن صدر عمر خطاب سمیت پارٹی کے دیگر رہنما بھی عشائیہ میں شریک تھے۔ اس موقع پر صوبے کی سیاسی صورتحال، پاکستان پیپلز پارٹی کے تنظیمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ متحرک کارکن پارٹی کا سرمایہ ہیں۔ گورنر کو اس موقع پر خصوصی پگڑی پہنائی گئی۔ انہوں نے عشائیہ کے انعقاد پر سلیم خان آفریدی کا شکریہ ادا کیا۔ پارٹی کے رہنما سلیم خان آفریدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ورکر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی پارٹی کی فعالیت اور صوبہ کے حقوق سے متعلق کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخلص کارکن گورنر فیصل کریم کنڈی، صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا اور دیگر قائدین کی قیادت میں متحد ہیں۔