گورنر سندھ سے حیدرآباد اور کراچی کے صنعتکاروں و تاجروں کے وفد کی ملاقات،برآمدات کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال
گورنر سندھ سے حیدرآباد اور کراچی کے صنعتکاروں و تاجروں کے وفد کی ملاقات،برآمدات کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
کراچی۔ 30 اگست (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے گورنر ہائوس میں حیدرآباد اور کراچی سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی اورحیدرآباد کی صنعتی و تجارتی سرگرمیوں، گلاس بینگل انڈسٹری، زرعی پیداوار اور برآمدات کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ۔
اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرست خالد تواب، کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (KATI) کے صدر محمد اکرام راجپوت، حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اقبال بیگ، سینئر نائب صدر نعیم الدین، ممتاز صنعتکار پہلاج رائے، حیدرآباد گلاس بینگل انڈسٹریز کے صدر سلیم خان اور فہیم خان شامل تھے۔
ملاقات کے دوران گلاس بینگل انڈسٹریز کے صدر سلیم خان نے حیدرآباد کی بینگل انڈسٹری کے بارے میں گورنر سندھ کو تفصیلی آگاہ کیا اور اس شعبے کو درپیش مسائل اور مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ حیدرآباد کی گلاس بینگل انڈسٹری نہ صرف ایک اہم مقامی صنعت ہے بلکہ اس میں برآمدات کے وسیع امکانات بھی موجود ہیں۔ اس صنعت کو جدید ٹیکنالوجی، بہتر سہولیات اور مارکیٹنگ کے مواقع فراہم کرکے عالمی منڈی میں مزید موثر انداز میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں کاشت اور تیار ہونے والی مختلف اشیا ء کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے اور ان کی برآمدات بڑھانے کے لیے موثر اقدامات اور جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔ مقامی پیداوار کو برآمدی معیار کے مطابق تیار کرکے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ صنعت و تجارت کا فروغ معاشی استحکام اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ہر ممکن تعائون کیا جائے گا۔








