گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کو ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں ضم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری

ڈپٹی کمشنرسرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کو ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) میں ضم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف اعظم، اے ڈی سی سوشل سروسز ارشد احمد وٹو اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر سہیل خواجہ افسران نے شرکت کی

سرگودھا۔ 10 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرسرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کو ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال (ڈی ایچ کیو) میں ضم کرنے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف اعظم، اے ڈی سی سوشل سروسز ارشد احمد وٹو اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر سہیل خواجہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کے انضمام اور جاری ٹرانزیشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے ہدایت کی کہ ٹرانزیشن پلان کے مطابق تمام انتظامی و طبی امور باہمی مشاورت سے جلد اور مو ثر انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کو ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کی عمارت میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ موجودہ ٹی بی ہسپتال کی عمارت میں پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ منتقل کرنے کی تجویز ہے۔ اس اقدام کا مقصد ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کو بہتر انداز میں منظم کرنا، او پی ڈی میں مریضوں کے رش کو کم کرنا اور شہریوں کو طبی سہولیات تک رسائی مزید آسان بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اے ڈی سی سوشل سروسز کو ہدایت کی کہ دونوں ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ موثر رابطہ کاری کے ذریعے ٹرانزیشن کا عمل مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، سکیورٹی، مریضوں کے بیٹھنے اور دیگر بنیادی سہولیات کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے سرکاری ہسپتالوں کے سٹاف کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ سے متعلق احکامات و پالیسی اقدامات پر موثر عملدرآمد کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کے خراب کوارٹرز کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی قیمتی اراضی اور رہائشی سہولیات کو غیر قانونی استعمال سے محفوظ بنایا جائے جبکہ غیر قانونی طور پر قابض کوارٹرز کو قواعد و ضوابط کے مطابق خالی کروانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں ہلال احمر ہسپتال سلانوالی روڈ کی اپ گریڈیشن سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہسپتال کے ایڈمن بلاک میں تین میڈیکل آفیسرز کی 24 گھنٹے تعیناتی کی تجویز ہے تاکہ مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اسی طرح ڈائیلاسز یونٹ کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا جبکہ بغیر آپریشن پتھری نکالنے کے لیے لیتھوٹرپسی مشین کی تنصیب کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں دستیاب انفراسٹرکچر اور طبی وسائل کو موثر انداز میں بروئے کار لانے، مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور صحت کے شعبہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔