ہمہ جہت میڈیا سٹرٹیجی کے ذریعے ملک میں بہتر امن و استحکام کے حوالہ سے اندرون ملک اور دنیا کو آ گاہ، خطہ میں پاکستان کے مثبت کردار بارے بتایا جائے گا ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد ۔ 26 فروری (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں دفتر خارجہ میں میڈیا سٹریٹجی کے حوالہ سے اہم اجلاس بدھ کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف اور ڈاکٹر شہباز گل ، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، پرنسپل انفارمیشن آفیسر محمد طاہر حسن اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے اجلاس کے حوالہ سے بتایا کہ میڈیا سٹرٹیجی کا مقصد عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمہ جہت میڈیا سٹرٹیجی کے ذریعے ملک میں بہتر امن و استحکام کے حوالہ سے اندرونی اور بیرونی دنیا کو آ گاہ کیا جائے گا۔ دنیا اور خاص کر خطہ میں پاکستان کے مثبت کردار کے بارے میں بھی بتایا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سفارتی، سیاسی، معاشی اور سیاحتی تناظر میں پیدا ہونے والے بہتر مواقع سے دنیا کو آ گاہ کیا جانا چاہئے۔